Hanamkonda Collector Urges Citizens to Complete Self-Census Before Deadline
ہنمکنڈہ میں خودی مردم شماری کے لیے صرف ایک دن باقی، عوام فوری اندراج کریں: کلکٹر
حیدرآباد/ہنمکنڈہ، 9 /مئی
دستور نیوز ڈاٹ کام
2027 کی مردم شماری کے تحت جاری آن لائن خودی مردم شماری (سیلف سینسس) کے لیے صرف ایک دن کی مہلت باقی رہ گئی ہے۔ ضلع کلکٹر Chahat Bajpai نے ضلع ہنمکنڈہ کے تمام عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 10 مئی کی رات 12 بجے سے قبل لازمی طور پر اپنے خاندان کی تفصیلات درج کرائیں۔
کلکٹر نے بتایا کہ عوام گھر بیٹھے آسانی کے ساتھ مردم شماری کے سرکاری ویب سائٹ
Self Census Portal
کے ذریعے اپنی معلومات درج کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے ذریعہ بھی یہ عمل آسانی سے مکمل کیا جا سکتا ہے اور اپنی پسند کی زبان منتخب کرکے خاندان کی مکمل تفصیلات فراہم کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 26 تاریخ سے شروع ہونے والا یہ خودی مردم شماری پروگرام 10 مئی کو اختتام پذیر ہوگا، لہٰذا جو افراد ابھی تک رجسٹریشن نہیں کروا سکے ہیں وہ فوری اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
کلکٹر کے مطابق مردم شماری کے عمل میں پہلے خودی اندراج، پھر گھروں کی فہرست سازی اور اس کے بعد مکمل مردم شماری کی جائے گی۔ 11 مئی سے اینیومیٹرز گھر گھر جاکر ہاؤس لسٹنگ کا عمل شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقیاتی منصوبہ بندی، فلاحی اسکیموں کی تیاری، مستقبل کے ترقیاتی پروگراموں اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے مردم شماری نہایت اہم ہے۔ کرائے کے مکانوں میں رہنے والے افراد بھی اپنے موجودہ پتے سے تفصیلات درج کر سکتے ہیں۔
کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خاندان سے متعلق مکمل اور درست معلومات فراہم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فراہم کردہ معلومات مکمل طور پر خفیہ رکھی جائیں گی اور صرف مردم شماری کے مقاصد کے لیے استعمال ہوں گی۔
آن لائن رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ایک اینیومریشن آئی ڈی فراہم کی جائے گی، جس کی مدد سے بعد میں اینیومیٹرز کے دورے کے دوران عمل مزید تیز اور آسان ہو جائے گا۔
آخر میں ضلع کلکٹر چاہت باجپائی نے عوام سے ذمہ داری کے ساتھ اس قومی پروگرام میں حصہ لینے اور اسے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
dastoor news