Indiramma Minority Mahila Shakti Scheme Marks Major Step Toward Self-Employment for Minority Women; MLA Naini Rajender Reddy Distributes Sewing Machines to 200 Beneficiaries
اندراما مائنارٹی مہیلا شکتی اسکیم ، اقلیتی خواتین کی خود روزگاری کی جانب اہم قدم
ایم ایل اے نائینی راجندر ریڈی کے ہاتھوں 200 خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم

حیدرآباد/ہنمکنڈہ:-
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
کانگریس کی عوامی حکومت کا بنیادی مقصد معاشرے کے تمام طبقات کی ہمہ جہت ترقی اور فلاح و بہبود ہے۔ ان خیالات کا اظہار ورنگل مغربی حلقہ کے رکنِ اسمبلی جناب نائینی راجندر ریڈی نے کیا۔ وہ اتوار کے روز ہنمکنڈہ کے انڈور اسٹیڈیم میں محکمہ اقلیتی بہبود کے زیرِ اہتمام منعقدہ اندیراما مائنارٹی مہیلا شکتی اسکیم کے پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایم ایل اے نائینی راجندر ریڈی نے 200 مستحق اقلیتی خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو محض وعدوں تک محدود نہیں رکھتی بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اقلیتوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر دیکھا گیا، جبکہ موجودہ حکومت انہیں ترقی کا برابر کا شراکت دار سمجھتی ہے۔

ایم ایل اے نے بتایا کہ اندیراما مائنارٹی مہیلا شکتی اسکیم کے تحت خواتین اور نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ سلائی مشینوں کی تقسیم، کاروباری قرضوں کی سہولت اور پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے خاندانوں کی آمدنی میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اسکیم محض فلاحی منصوبہ نہیں بلکہ اقلیتی طبقے کی ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی طلبہ کو اسکالرشپس اور فیس ری ایمبرسمنٹ بروقت فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت ہاسٹلز، کوچنگ سنٹرس اور پیشہ ورانہ تربیتی مراکز کو مستحکم کیا جا رہا ہے۔ اقلیتی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے خصوصی فنڈس بھی مختص کیے گئے ہیں۔
ایم ایل اے نائینی راجندر ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شری ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت مذہب سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مستحق خواتین سے اپیل کی کہ وہ سلائی مشینوں کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اپنے خاندانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں اور یقین دلایا کہ حکومت ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ مزید 200 سلائی مشینیں تقسیم کے لیے تیار ہیں اور ہر اہل خاتون تک اس اسکیم کا فائدہ پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر کانگریس پارٹی کے عوامی نمائندے، سینیر سیاسی قاید ایڈوکیٹ ابوبکر، قاضی پیٹ کارپویٹر سرتاج بیگم ، رحیم النسا، مرزا عزیز بیگ کے علاوہ اقلیتی تنظیموں کے قائدین، شہر کے معززین اور متعلقہ محکموں کے عہدیداران بڑی تعداد میں موجود تھے۔
دستور نیوز ڈاٹ کام