ہنمکنڈہ ملگ روڈ قبرستان کی ترقی کے لیے مسلم وفد نے رکنِ اسمبلی نائنی راجندر ریڈی کو تحریری نمائندگی
Muslim Delegation Submits Memorandum to MLA Naini Rajender Reddy Seeking Development of Hanumakonda Mulg Road Cemetery
حیدرآباد/ ہنمکنڈہ: 17/دسمبر
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ہنمکنڈہ شہر کے ملگ روڈ پر واقع قبرستان کی ترقی کے لیے قبرستان کمیٹی کے اراکین نے ورنگل ویسٹ حلقۂ اسمبلی کے رکنِ اسمبلی نائنی راجندر ریڈی کو ایک تحریری نمائندگی پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق ملگ روڈ قبرستان میں ماضی میں ترقیاتی کاموں کی منظوری دی گئی تھی اور بعض تعمیراتی کام شروع بھی ہوئے تھے، تاہم فنڈس کی کمی کے باعث غسل خانہ (واش روم) کی تعمیر ادھوری رہ گئی، جس کے نتیجے میں عوام کو میت کو غسل دینے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
قبرستان کمیٹی کے اراکین محمد اعجاز، محمد غوث محی الدین، محمد محبوب علی، محمد حبیب الدین (موظف لیبر آفیسر) اور دیگر نے سینئر سیاسی قائد ایڈوکیٹ ابو بکر کی قیادت میں رکنِ اسمبلی کو ایک درخواست پیش کی گئی، جس میں ادھورے کاموں کی فوری تکمیل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ میت غسل خانہ کی تعمیر دوبارہ شروع کرنے اور زیر التوا ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے لیے تقریباً 15 لاکھ روپے کی رقم منظور کی جائے۔ کمیٹی نے رکنِ اسمبلی سے عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلہ پر ہمدردانہ غور کرنے کی اپیل کی۔
اس پر رکنِ اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس مطالبہ کو بہت جلد عملی جامہ پہنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔