Rapid Action Force march in Warangal on the directions of the Union Home Minister, the aim is to restore public confidence: Police Commissioner Sanpreet Singh
مرکزی وزیر داخلہ کی ہدایت پر ورنگل میں ریپڈ ایکشن فورس کا مارچ، عوام میں اعتماد بحال کرنا مقصد پولیس کمشنر سنپریت سنگھ
حیدرآباد/ورنگل:-30/مئی
(دستور نیوزڈاٹ کام)
ورنگل میں عوام میں اعتماد پیدا کرنے اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے مقصد سے ریپڈ ایکشن فورس (RAF) کا مارچ منعقد کیا گیا، جس کا افتتاح ورنگل پولیس کمشنر سنپریت سنگھ نے کیا۔
یہ مارچ بروز جمعہ ہنمکنڈہ ڈویژن پولیس کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ پولیس کمشنر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور جھنڈی دکھا کر مارچ کا آغاز کیا۔ مارچ ہنمکنڈہ بس اسٹینڈ، برہمن واڑہ، الانکار جنکشن، ہنمکنڈہ چوراہا سے ہوتے ہوئے اشوک جنکشن تک جاری رہا۔

اس موقع پر پولیس کمشنر سنپریت سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مارچ مرکزی وزارتِ داخلہ کی ہدایت پر ورنگل پولیس کمشنریٹ کے حدود میں سات روز تک مختلف پولیس اسٹیشنز کے تحت جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مارچ کا اصل مقصد کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی یا مذہبی کشیدگی کی صورت میں فوری ردعمل دینا، مقامی پولیس کی مدد کرنا اور عوام میں امن و سلامتی کا احساس پیدا کرنا ہے۔

اس مارچ میں مرکزی زون کے ڈی سی پی شیخ سلیمہ، آر اے ایف کی ڈپٹی کمانڈنٹ سرسوتی، ہنمکنڈہ اے سی پی نرسمہا راؤ، ٹریفک اے سی پی ستیہ نارائن، انسپکٹرز ستییش، روی کمار، ستیہ نارائن ریڈی سمیت ٹریفک اور دیگر شعبہ جات کے پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوتا ہے بلکہ امن و امان کی فضا کو بھی مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔