Warangal Police Ever Victorious – Warangal Police Commissioner Amber Kishore Jha
ورنگل پولیس ایور وکٹریئس ۔ورنگل پولیس کمشنر امبر کشور جھا
حیدرآباد/ورنگل:-9/مارچ
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ورنگل پولیس ہمیشہ کامیاب رہی ہے، اور یہاں کام کرنا میرے لیے اطمینان بخش رہا، یہ کہنا تھا تبادلے پر جا رہے ورنگل پولیس کمشنر امبر کشور جھا کا۔
حال ہی میں ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق امبر کشور جھا کو رام گنڈم پولیس کمشنریٹ منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ایسٹ زون ڈی سی پی رویندر کو بھی سی آئی ڈی ایس پی کے طور پر تبادلہ کیا گیا۔ بروز اتوار ورنگل پولیس کمشنریٹ کے افسران نے ان دونوں افسران کو شاندار الوداعی تقریب میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ الوداعی تقریب ورنگل پولیس کمشنریٹ کے دفتر میں منعقد ہوئی، جہاں پولیس افسران نے امبر کشور جھا اور ڈی سی پی رویندر کو گلدستے اور یادگاری تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر امبر کشور جھا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورنگل ضلع کے ساتھ میرا چھ سالہ تعلق ہے، میں نے یہاں بطور او ایس ڈی اور ایس پی خدمات انجام دیا ، اور پھر پولیس کمشنر کے طور پر بھی ورنگل میں کام کرنے کا موقع ملا، جو میرے لیے خوشی کی بات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ورنگل پولیس جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی میں مہارت رکھتی ہے اور ہر کام کو کامیابی سے مکمل کرنے میں ان کی خاص پہچان ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ فخر محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے رانی ردّرما دیوی کے زیرِ حکمرانی اس تاریخی شہر میں خدمات انجام دیں۔

ڈی سی پی رویندر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسٹ زون ڈی سی پی کے طور پر کام کرنا ان کے لیے اطمینان بخش رہا، اور یہاں کے پولیس اہلکاروں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون قابلِ تعریف ہے۔*پھولوں سے سجے پولیس وہیکل میں شاندار الوداعی تقریب*تبادلے پر جا رہے
پولیس کمشنر امبر کشور جھا کو شاندار انداز میں الوداع کیا گیا۔ پولیس اہلکاروں نے پھولوں سے سجی خصوصی گاڑی میں انہیں روانہ کیا، جبکہ ڈی سی پی سطح سے لے کر کانسٹیبلز تک تمام پولیس اہلکاروں نے عزت و احترام کے ساتھ انہیں رخصت کیا۔

اس تقریب میں ڈی سی پیز شیخ سلمہ ، راج مہندر نائک، انکیت کمار، اے ایس پی چیتنیا، ایڈیشنل ڈی سی پیز روی، سریش کمار، اے سی پیز، انسپکٹرز، آر آئیز، ایس آئیز، آر ایس آئیز سمیت دیگر پولیس اور انتظامی افسران شریک ہوئے۔