Inauguration of Indra Mahla Shakti Canteen in Warangal, foundation stone of development works laid by Minst Konda Surekha
ورنگل میں اندرا مہلا شکتی کینٹین کا افتتاح،ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا گیا

حیدرآباد/ورنگلـ:-5/دسمبر
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ریاستی وزیر برائے جنگلات اور ماحولیات محترمہ کونڈا سریکھا نے ورنگل ایسٹ حلقے میں اندرا مہلا شکتی کینٹین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر نے 1.35 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
محترمہ کونڈا سریکھانے مئیر گنڈو سدھارانی، کلکٹر ڈاکٹر ستیا شاردا، بلدیہ کمشنر ڈاکٹر اشونی تاناجی واکاڈے کے ہمراہ ایم جی ایم اسپتال کے آؤٹ پیشنٹ مریضوں کے لیے کمپیوٹر کاؤنٹرز اور فارمیسی کاؤنٹرز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر نے اسپتال کے احاطے میں مئیر، کلکٹرز، کمشنر اور دیگر حکام کے ساتھ پودے لگا کر صفائی اور سبزہ مہم کو فروغ دیا۔
اس موقع پر وزیر نے بتایا کہ اندرا مہلا شکتی کینٹین کا قیام عوامی حکمرانی تقریبات کے تحت عمل میں آیا ہے۔ یہ کینٹین مریضوں کے تیمارداروں کو معیاری اور سستی کھانے کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے خواتین گروپس سے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ قرضوں سے فائدہ اٹھائیں۔

محترمہ کونڈا سوریکھا نے ضلع بھر میں اندرا مہلا شکتی اسکیم کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی چناراؤ پیٹ منڈل مہلا سمکھیا اور قلعہ ورنگل تلگو تلی ٹی ایل ایف کے اراکین کو ٹرافیاں پیش کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پروزیر نے اسمارٹ سٹی اسکیم کے تحت 42ویں وارڈ میں 28.78 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ رنگا سائی پیٹ آر ٹی او جنکشن اور 27ویں وارڈ میں 46.48 لاکھ روپے کی لاگت سے بنائے گئے وینکٹ راما جنکشن کا افتتاح کیا۔ اسی طرح 19ویں ڈویژن میں 30 لاکھ روپے کی لاگت سے سی سی سڑکوں اور نکاسی کے نظام کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر محترمہ وزیر نے کہا کہ ایم جی ایم اسپتال شمالی تلنگانہ کا مرکز ہے جہاں مختلف اضلاع کے مریض علاج کے لیے آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئے کمپیوٹر اور فارمیسی کاؤنٹرز کے قیام سے مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ او پی مریضوں کی سہولت کے لیے کاؤنٹرز کی تعداد چار سے بڑھا کر دس کردی گئی ہے تاکہ مریضوں کو طویل انتظار نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ اسپتال کے تمام شعبوں کو مرحلہ وار ترقی دی جائے گی، خاص طور پر ڈائیلاسز، کارڈیالوجی اور بچوں کے امراض کے شعبے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

اس پروگرام میں کارپوریٹرز گندو چندنا پورناچندر، کوویٹی کویتا، چندرکلا انیل کمار، ایڈیشنل کلکٹر سندھیا رانی، ڈی ایف او انوج اگروال، ایم جی ایم سپروائزر ششی کمار، آر ایم او مرلی سرینواس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔