accident prevention

Take Strong Measures to Prevent Road Accidents: Warangal CP N. Shweta and Hanamkonda Collector Chahat Bajpai

اضلاع کی خبریں
سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں: پولیس کمشنر این شوتا، کلکٹر چاہت باجپائی
Take Strong Measures to Prevent Road Accidents: Warangal CP N. Shweta and Hanamkonda Collector Chahat Bajpai

GOLDEN GUEST HOUSE LB NAGER WARANGAL

ہنمکنڈہ، 25 اگست
(دستور نیوز)

ورنگل پولیس کمشنر این شوتا اور ہنمکنڈہ ضلع کلکٹر چاہت باجپائی نے ضلع میں سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

منگل کو ہنمکنڈہ ضلع کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں محکمہ روڈز اینڈ بلڈنگز (R&B) کے زیر اہتمام ضلعی سطح کی روڈ سیفٹی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میں سڑکوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ آر اینڈ بی ایگزیکٹیو انجینئر دیویکا نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے محکمہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔

پولیس کمشنر این شوتا نے کہا کہ ہر گاڑی چلانے والے کے لیے ٹریفک اور روڈ سیفٹی قوانین کی پابندی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے کنارے پرائیویٹ بسوں اور ٹیکسی گاڑیوں کی پارکنگ سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے میونسپل اور کُڈا حکام کو ہدایت دی کہ پرائیویٹ بسوں اور دیگر گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے رنگلیلا میدان اور ہیاگریواچاری میدان جیسے مقامات کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔ سڑکوں پر ایج لائن اور دیگر لائن مارکنگ واضح طور پر نظر آنی چاہیے اور گاڑیوں کی من مانی پارکنگ روکنے کے لیے ’نو پارکنگ‘ بورڈ نصب کیے جائیں۔

پولیس کمشنر نے حادثات کی روک تھام کے لیے ضرورت کے مطابق رمبل اسٹرپس اور اسپیڈ بریکرز نصب کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر مناسب روشنی کا انتظام یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے حادثات کی صورت میں زخمیوں کی جان بچانے کے لیے قریبی اسپتالوں کی نشاندہی کرنے اور ایمرجنسی گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور بلیو کوٹس عملے کو مکمل تربیت و آگاہی فراہم کرنے پر زور دیا۔ حادثہ پیش آنے کے مقام سے زخمیوں کو ان کی صحت کی صورتحال کے مطابق کم سے کم وقت میں مناسب اسپتال منتقل کرنے کے لیے روٹ میپنگ بھی کرنے کی ہدایت دی۔

ضلع کلکٹر چاہت باجپائی نے ضلع میں زیادہ حادثات والے مقامات یعنی بلیک اسپاٹس کی نشاندہی کرکے وہاں حادثات کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ حسن پرتی تالاب کے بند کے قریب جہاں زیادہ سڑک حادثات پیش آتے ہیں، وہاں سڑک کو چوڑا کیا گیا ہے۔ انہوں نے سڑک کے درمیان ڈیوائیڈر نصب کرنے اور پوتھن نگر میں ڈرینج کی تعمیر کے کام جلد مکمل کرنے کے لیے میونسپل حکام کو ہدایات دیں۔

کلکٹر نے کہا کہ سڑکوں کے کنارے ہیوی وہیکلز، پرائیویٹ بسوں اور دیگر گاڑیوں کی پارکنگ حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے حکام کو شہر سے باہر یا شہر سے مناسب فاصلے پر ہیوی وہیکلز اور دیگر گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مخصوص مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔

accident prevention

انہوں نے گاڑی مالکان سے بات چیت کرکے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ سڑکوں کے کنارے گاڑیاں کھڑی کرنے سے عوام کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
چاہت باجپائی نے کہا کہ شہر میں فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اسٹریٹ وینڈرز کے لیے مخصوص وینڈنگ زون قائم کرنے کے لیے مناسب مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ وینڈرز کو سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر من مانی طور پر کاروبار کرنے کے بجائے مقررہ وینڈنگ زونز میں ہی کاروبار کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

کلکٹر نے گنیش مورتیوں کی خرید و فروخت کے لیے بھی مناسب مقامات مختص کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ گنیش مورتیوں کی فروخت مرکزی سڑکوں کے کنارے کرنے کے بجائے ایسے کھلے میدانوں میں کی جائے جہاں ٹریفک اور عوام کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

انہوں نے مٹی سے تیار کردہ گنیش مورتیوں کے استعمال کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے اور میونسپل حکام کو مورتیوں کی خرید و فروخت کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں سنٹرل زون ڈی سی پی دارا کویتا، ضلع کے ایڈیشنل کلکٹرس این روی اور شیشادری، گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کمشنر وینکنا، نیشنل ہائی ویز ورنگل پروجیکٹ ڈائریکٹر بھاردواج، آر اینڈ بی این ایچ ای ای کرن کمار، ٹریفک اے سی پی ستیہ نارائنا، کُڈا سی پی او اجیت ریڈی کے علاوہ آر اینڈ بی، نیشنل ہائی ویز، ٹرانسپورٹ، پولیس، بجلی، میونسپل اور دیگر محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
دستور نیوز
اکبر ضیا