jih nvk warangal

JIH’s Social Services Appreciated; Nagrik Vikas Kendra to Bridge the Gap Between People and Welfare Schemes

اضلاع کی خبریں
JIH’s Social Services Appreciated; Nagrik Vikas Kendra to Bridge the Gap Between People and Welfare Schemes
جماعتِ اسلامی ہند کی سماجی خدمات قابلِ تحسین، نَگرک وِکاس کیندر عوام اور سرکاری اسکیموں کے درمیان پل بنے گا

ورنگل، 14 اگست:
(دستور نیوز )

ورنگل میں نَگرک وِکاس کیندر (NVK) کے آغاز کے موقع پر مختلف مقررین نے جماعتِ اسلامی ہند کی جانب سے انجام دی جانے والی سماجی و عوامی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت مند افراد کو سرکاری فلاحی اسکیموں سے استفادہ میں رہنمائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جماعتِ اسلامی ہند کے مجاہد عرفان نے تنظیم کی جانب سے انجام دی جانے والی مختلف سماجی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے اسکول الانصار، سیوا بینک، سیوا کلینک، SIR (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) اور نَگرک وِکاس کیندر جیسے اقدامات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد معاشرے کے مختلف طبقات کی ضرورت کے مطابق خدمت اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر ایم ایل سی بسواراجو ساریا نے جماعتِ اسلامی ہند کی سماجی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے نَگرک وِکاس کیندر کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل گنگا جمنی تہذیب کا شہر ہے، جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آپس میں مل جل کر رہتے ہیں۔ باہمی بھائی چارہ، رواداری اور گنگا جمنی تہذیب ورنگل کی ایک بہترین شناخت ہے۔

nvk jih warangal

بسواراجو ساریا نے اپنے تقریباً 15 سالہ دورِ رکن اسمبلی، ریاستی وزیر کی حیثیت سے خدمات اور موجودہ ایم ایل سی کی ذمہ داریوں کے دوران مسلمانوں کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات، رابطے اور مختلف شعبوں میں انجام دی گئی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور مختلف طبقات کے ساتھ مسلسل رابطہ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوششیں ہمیشہ ان کی ترجیحات میں رہی ہیں۔

انہوں نے نَگرک وِکاس کیندر کے قیام کو ایک خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز عوام اور جماعتِ اسلامی ہند کے ذمہ داران کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنا و کمزور اور پسماندہ طبقات کے لیے ایک بہترین اور کارآمد ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نَگرک وِکاس کیندر کے ذریعے ضرورت مند افراد کو سرکاری فلاحی اسکیموں، دستاویزات اور دیگر عوامی سہولتوں سے استفادہ میں مؤثر رہنمائی حاصل ہوگی۔ بسواراجو ساریا نے جماعتِ اسلامی ہند کے ذمہ داران کو اس اقدام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

nvk baswa raju

ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر محمد ایوب نے بھی نَگرک وِکاس کیندر کے آغاز پر جماعتِ اسلامی ہند کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اسکیمیں اور پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں، تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر ان میں سے کئی اسکیموں کے فوائد حقیقی مستحقین تک پوری طرح نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔

محمد ایوب نے کہا کہ عوام میں ناخواندگی، سرکاری اسکیموں کے بارے میں لاعلمی اور ضروری طریقۂ کار سے واقفیت نہ ہونے کے باعث خاص طور پر غریب، کمزور اور پسماندہ طبقات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے حالات میں نَگرک وِکاس کیندر ان طبقات کے لیے ایک سنہری موقع ثابت ہوسکتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ مرکز کے ذریعے عوام اپنے ضروری دستاویزات اور اسناد کی تیاری، ان کی درستگی اور سرکاری فلاحی اسکیموں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے ان سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

محمد ایوب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی فلاحی اسکیموں سے استفادہ کے لیے نَگرک وِکاس کیندر کی خدمات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور سرکاری اسکیموں کے درمیان موجود خلا کو پُر کرنے کے لیے اس طرح کے مراکز کا کردار اہم ہے۔

nvk ayub

اس موقع پر محمد ایوب نے جماعتِ اسلامی ہند کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مرکز کے ذمہ داران کو مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

جماعتِ اسلامی ہند کے ریاستی ذمہ دار اقبال حسین نے نَگرک وِکاس کیندر کے قیام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ عوام کے سرکاری فلاحی اسکیموں سے استفادہ نہ کر پانے کی چار بڑی وجوہات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بڑی وجہ معلومات اور بیداری کی کمی ہے۔ بہت سے لوگوں کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ حکومت نے ان کے لیے کون سی مخصوص اسکیم شروع کی ہے، وہ اس کے اہل ہیں یا نہیں اور اس اسکیم کے لیے درخواست کس طرح دینی ہے۔ اقبال حسین کے مطابق تقریباً 80 فیصد معاملات میں بیداری کی کمی ایک بڑی رکاوٹ کے طور پر سامنے آئی ہے۔

انہوں نے دوسری بڑی وجہ ضروری دستاویزات کا مکمل یا درست نہ ہونا قرار دیا۔ خاص طور پر غریب، مزدور اور پریشان حال خاندانوں کے پاس ضروری دستاویزات مکمل نہیں ہوتے۔ بعض افراد کے پاس دستاویزات موجود ہونے کے باوجود نام، پتہ یا دیگر تفصیلات میں غلطی ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وہ متعلقہ اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے۔

تیسری بڑی رکاوٹ کے طور پر انہوں نے حکومتی اسکیموں کے پیچیدہ طریقۂ کار کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق درخواست دینے، دستاویزات جمع کرنے، انہیں متعلقہ ریکارڈ سے منسلک کرنے اور اس کے بعد سرکاری دفاتر میں مختلف مراحل کی تکمیل اور مسلسل پیروی کرنا عام شہری کے لیے مشکل ہوجاتا ہے۔

nvk iqbal

اقبال حسین نے چوتھی وجہ بعض سرکاری سطحوں پر بدعنوانی، جانب داری اور منتخب افراد کو ترجیح دینے جیسے مسائل کو قرار دیا۔ ان کے مطابق ان تمام عوامل کے نتیجے میں حقیقی مستحقین حکومتی فلاحی اسکیموں کے فوائد سے محروم رہ جاتے ہیں۔

اقبال حسین نے کہا کہ انہی مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے نَگرک وِکاس کیندر کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ یہ مرکز مستحق افراد اور حکومتی فلاحی اسکیموں کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مرکز میں مختلف سرکاری اسکیموں سے متعلق فرسٹ ہینڈ معلومات اور ڈیٹا کو برقرار رکھا جائے گا۔ مستحق افراد کو ان کے لیے دستیاب اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا اور بتایا جائے گا کہ وہ کس طریقے سے ان اسکیموں سے باقاعدہ استفادہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ معلومات صرف مرکز تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ مساجد، عوامی اجتماعات اور سماج میں موجود دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی لوگوں تک پہنچائی جائیں گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد حکومتی اسکیموں سے واقف ہوسکیں۔

مرکز کی ایک اور اہم خدمت ضروری دستاویزات کی تیاری اور انہیں درست طریقے سے برقرار رکھنے میں معاونت فراہم کرنا ہوگی۔ اقبال حسین نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران تقریباً ایک لاکھ 12 ہزار دستاویزات مرکز کے ذریعے تیار کیے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نَگرک وِکاس کیندر کا مقصد صرف معلومات فراہم کرنا نہیں بلکہ عوام کو دستاویزات کی تیاری، درخواست کے عمل اور حکومتی فلاحی اسکیموں تک رسائی کے مختلف مراحل میں رہنمائی اور معاونت فراہم کرنا ہے، تاکہ سرکاری اسکیموں کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچ سکیں۔
پروگرام میں عوام کی بھرپور شرکت

اس پروگرام میں عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصاً مولانا صاحب عالم، مولانا عبدالسبحان، فیض الرحمن شکیل عبداللہ فیض الرحمن ، محمد عبدالقیوم کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
دستور نیوز
dastoornews.com