dr sadiq mushaira

Adab-e-Sadiq Hosts Grand Hajj Welcome Ceremony, Book Launch and Mushaira in Hyderabad

تلنگانہ سخن سرائے
Adab-e-Sadiq Hosts Grand Hajj Welcome Ceremony, Book Launch and Mushaira in Hyderabad
ادب صادق میں حجاجِ کرام کے خیر مقدمی جلسہ، شعری مجموعہ ’’شعورِ سخن‘‘ کی رسمِ اجرا اور عظیم الشان مشاعرے کا کامیاب انعقاد

 

حیدرآباد، 16/جولائی  دستور نیوز

ادارہ ادب صادق اور بزمِ مزاح صادق کے زیرِ اہتمام سہیل مینشن، حیدرآباد میں حجاجِ کرام کے خیر مقدمی جلسہ، ادبی اجلاس، شعری مجموعہ ’’شعورِ سخن‘‘ کی رسمِ اجرا اور طرحی و غیر طرحی مشاعروں کا شاندار انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب میں ملک و بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے شعراء، ادباء اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے پہلے مرحلے میں حجاجِ کرام کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا اور ادارہ کی جانب سے ان کی شال پوشی کی گئی۔ اجلاس کی صدارت قاضی محمد سراج الدین رضوی نے کی جبکہ نظامت بانی و صدر ادارہ حکیم و ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق ایڈوکیٹ، انجینئر، صحافی و فاضل نظامیہ نے انجام دی۔ تقریب کا آغاز خادم رسول عینی کی تلاوتِ کلامِ پاک اور سہیل عظیم کی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔

ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق نے خیر مقدمی خطاب میں اپنے پانچ حج کے روحانی تجربات بیان کرتے ہوئے حاضرین سے قیمتی تاثرات شیئر کیے۔ اس موقع پر خادم رسول عینی اور طاہر گلشن آبادی نے بھی اپنے حالیہ سفرِ حج کے تاثرات پیش کیے۔ بعد ازاں حجاجِ کرام کی شال پوشی انجام دی گئی۔

صدارتی خطاب کرتے ہوئے قاضی محمد سراج الدین رضوی نے کہا کہ کامیاب حج کی علامت یہ ہے کہ حاجی کی زندگی، کردار اور اخلاق میں مثبت تبدیلی نمایاں ہو۔

تقریب کے دوسرے مرحلے میں آل انڈیا اردو ماس سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر مختار احمد فردین کی زیر صدارت شاعر عزیز احمد اثر کے تیسرے شعری مجموعہ ’’شعورِ سخن‘‘ کی رسمِ اجرا ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق کے ہاتھوں انجام دی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید نسیم (کلکتہ)، عزیز احمد اثر، ثناء اللہ انصاری وصفی اور دیگر اہلِ قلم نے کتاب اور ڈاکٹر صادق کی علمی، ادبی، صحافتی، سماجی اور اردو خدمات پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

dr sadiq mushaira

ڈاکٹر مختار احمد فردین نے ڈاکٹر صادق کو ’’منفرد مجاہدِ اردو‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی دہائیوں سے بے لوث انداز میں زبان و ادب کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ قاضی محمد سراج الدین رضوی نے بھی ڈاکٹر صادق کی ہمہ جہت خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت پر تحقیقی مقالات مرتب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

بعد ازاں طاہر گلشن آبادی کی نگرانی میں طرحی مذاکرہ، طرحی و غیر طرحی مشاعرے منعقد ہوئے جبکہ بزمِ مزاح صادق کا مزاحیہ طرحی مشاعرہ بھی ڈاکٹر صادق کی صدارت میں کامیابی سے منعقد ہوا۔ مشاعرے میں ملک و بیرونِ ملک کے شعراء نے اپنا کلام پیش کیا، جن میں جاوید نسیم (کلکتہ)، امتیاز علی نظر، خادم رسول عینی، سہیل عظیم، ثناء اللہ وصفی، ڈاکٹر عبدالہادی منزہ (نرمل)، اظہر کورٹلوی، ڈاکٹر اکبر (واشنگٹن، امریکہ)، اے آر سلیم (شکاگو، امریکہ)، صغیر حسین صغیر (پاکستان)، ڈاکٹر شرافت بہاری، ارشاد احمد (کرناٹک)، ثناء الماس باوزیر اور ڈاکٹر درودانہ مسکان سمیت دیگر شعراء و شاعرات شامل تھے۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر خواجہ فرید الدین صادق نے تمام شرکاء، مہمانوں اور شعراء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ مشاعرے کے لیے 9 اگست بروز اتوار منعقد ہونے والے طرحی مشاعرے کی زمین اور طرح کا اعلان بھی کیا۔
دستور نیوز اکبر ضیا