Grand Mushaira and Literary Gathering Successfully Held in Zaheerabad
ظہیرآباد میں شاندار مشاعرہ و ادبی اجلاس کا کامیاب انعقاد، نامور شعراء و ادباء کی شرکت
ظہیرآباد، /15جولائی:
(دستور نیوز)
ادباء و شعراء ظہیرآباد کے زیرِ اہتمام اتوار کی شب عقب حیات ہاسپٹل، ظہیرآباد کی پہلی منزل پر ایک شاندار ادبی اجلاس اور مشاعرے کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس باوقار ادبی تقریب کی صدارت سینئر شاعر جناب سیف الدین غوری سیف نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض جناب ظہور ظہیرآبادی نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیتے ہوئے مہمان شعرائے کرام کا تعارف پیش کیا۔

تقریب کا آغاز حضرت مولانا سید شاہ افسر پاشاہ قادری کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ صدرِ مشاعرہ نے مہمانان کا خیرمقدم کرتے ہوئے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی، جبکہ مہمانِ خصوصی شاعرِ خلیج جناب جلیل نظامی نے اپنے منفرد اندازِ ترنم میں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ رسول ﷺ کا نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر جناب سید مقصود نے ایک مختصر مگر جامع ادبی مضمون بھی پیش کیا۔
ادبی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد ہاشم علی، صدر محبانِ اردو تلنگانہ نے کہا کہ جناب ظہور ظہیرآبادی کی مسلسل ادبی خدمات اور کاوشوں کے باعث عالمی شہرت یافتہ اساتذۂ شعراء کی ظہیرآباد آمد ممکن ہوئی، جو شہر کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے ظہور ظہیرآبادی کی ادبی، صحافتی اور تہذیبی خدمات کو بھی سراہا۔
تقریب سے جناب شفیع الدین شفیع ایڈوکیٹ (چیئرمین حیات ہاسپٹل)، جناب اعجاز عرفان، جناب منہاج عسکری، جناب بشارت اور جناب علیم الدین نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے ادبی سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیا۔
بعد ازاں مشاعرے کا آغاز ہوا، جس میں میزبان شعراء سیف الدین غوری سیف، سید منیرالدین ساخر، نظام الدین عاظم، شکیل ظہیرآبادی، ظہور ظہیرآبادی اور شفیع الدین شفیع کے علاوہ مہمان شعراء محمود شاہد (کڈپہ، آندھرا پردیش)، جلیل نظامی، سیف نظامی، الطاف شہریار، ارشد شرفی اور فیاض علی سکندر (سداسیوپیٹ) نے اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ حاضرین نے اشعار کو بھرپور داد دی اور متعدد شعراء سے بار بار کلام سنانے کی فرمائش کی۔

تقریب کے اختتام پر تمام مہمانان اور شعرائے کرام کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔ شہر ظہیرآباد کی سماجی، سیاسی، مذہبی، ادبی اور صحافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے تقریب کو یادگار بنایا۔ حاضرین نے اس کامیاب مشاعرے کے انعقاد پر جناب ظہور ظہیرآبادی کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسی ادبی محافل کا انعقاد ہوتا رہے گا۔
آخر میں جناب محمد علیم الدین کے اظہارِ تشکر کے ساتھ یہ کامیاب ادبی محفل رات دیر گئے خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
دستور نیوز