cpi on captalist

Capitalist System Has Outlived Its Time; Global Youth Looking Towards the Red Flag: CPI Leader Srinivasa Rao

اضلاع کی خبریں
Capitalist System Has Outlived Its Time; Global Youth Looking Towards the Red Flag:
CPI Leader Srinivasa Rao
سرمایہ دارانہ نظام کا دور ختم ہو چکا، دنیا بھر کے نوجوان سرخ پرچم کی جانب متوجہ: تکّل پلی سرینواس راؤ

ورنگل، 3 /جون
(دستور نیوز ڈاٹ کام)

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے ریاستی معاون سکریٹری تکّل پلی سرینواس راؤ نے کہا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے اور دنیا بھر کے نوجوان متبادل نظریے کے طور پر کمیونزم اور سرخ پرچم کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

بدھ کے روز ضلع ورنگل کے نلّابیلی منڈل مرکز میں سی پی آئی ورنگل ضلع کی سیاسی تربیتی کلاسوں کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کی صدارت سی پی آئی نلّابیلی منڈل سکریٹری چنتاکندی کمار سوامی نے کی جبکہ ریاستی معاون سکریٹری تکّل پلی سرینواس راؤ مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں سرمایہ دارانہ نظام کے متبادل نظریے کو کارل مارکس نے پیش کیا تھا اور یہی نظریہ انسانیت کو استحصال سے نجات دلانے کا راستہ دکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام روز بروز بحران کا شکار ہوتا جا رہا ہے اور اس کے زوال کے باعث دنیا کے نوجوان متبادل کے طور پر سرخ پرچم کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔

cpi on captalist

سرینواس راؤ نے کہا کہ قومی جمہوری انقلاب، سوشلسٹ مقاصد، سماجی انصاف، سیکولرزم اور جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد میں سی پی آئی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کی تحریک میں پارٹی نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور متعدد شہداء پیش کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "جوتنے والے کو زمین” کے اصول کے تحت سی پی آئی نے بے زمین غریبوں میں لاکھوں ایکڑ اراضی تقسیم کرانے کے لیے جدوجہد کی۔ نیز نظامِ حیدرآباد کی آمریت کے خلاف مسلح کسان تحریک چلا کر ہزاروں دیہات کو آزاد کرانے کی تاریخی خدمات بھی سی پی آئی کے حصے میں آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بائیں بازو کی جماعتیں متحد ہو کر سیکولر اور جمہوری قوتوں کو یکجا کرنے اور جمہوری جدوجہد کو مضبوط بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ اس موقع پر سی پی آئی کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تکّل پلی سرینواس راؤ نے کہا کہ تلنگانہ مخالف عناصر کے لیے ریاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پون کلیان کو تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت کے بارے میں مکمل آگاہی نہیں ہے اور وہ ایک غیر مستقل نظریات رکھنے والے سیاست دان ہیں جو آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں مختلف انداز میں گفتگو کرتے ہیں۔؎
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پون کلیان بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایجنڈے کے مطابق بات کر رہے ہیں اور تلنگانہ کے عوام ان پر اعتماد نہیں کریں گے۔

افتتاحی اجلاس میں سی پی آئی ورنگل ضلع سکریٹری ایس کے باس میاں، ریاستی کمیٹی کے رکن پنجالا رمیش، ضلع معاون سکریٹریز پناسا پرساد، دندو لکشمن، گنڈے بدری اور دیگر قائدین بھی شریک تھے۔

دستور نیوز ڈاٹ کام
dastoor