minority welfare officer

Advocate Mohammed Jamal Sharif Meets Minority Welfare Officer

اضلاع کی خبریں
Advocate Mohammed Jamal Sharif Meets Minority Welfare Officer
ایڈوکیٹ محمد جمال شریف کی اقلیتی بہبود آفیسر سے ملاقات

 

حیدرآباد/جنگاؤں،7 /اپریل
(دستور نیوز ڈاٹ کام)

جنگاؤں ضلع کے اقلیتی بہبود آفیسر ڈاکٹر بی وکرم کمار سے معروف سماجی شخصیت و ایڈوکیٹ محمد جمال شریف نے ملاقات کرتے ہوئے اقلیتی بہبود کے تحت جاری تعلیمی سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر بی وکرم کمار نے بتایا کہ ضلع جنگاؤں میں اقلیتی طلبہ کے لیے حکومت کی جانب سے معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے دو اقامتی اسکول اور دو کالج قائم کیے گئے ہیں۔ جنگاؤں میں لڑکوں کے لیے ٹمریز اسکول و کالج جبکہ اسٹیشن گھن پور میں لڑکیوں کے لیے اسکول و کالج دستیاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اداروں میں طلبہ و طالبات کے لیے اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، جہاں تربیت یافتہ اساتذہ اور اعلیٰ تعلیم یافتہ لیکچررز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ہر سال ان اداروں کے شاندار تعلیمی نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

ڈاکٹر وکرم کمار نے ضلع کے مسلم اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ٹمریز اسکول اور کالج میں داخلہ دلائیں اور سرکاری سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ

طلبہ کے لیے علیحدہ رہائش کا بہترین انتظام موجود ہے، جبکہ لڑکوں کے لیے مسجد کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جہاں جمعہ کی نماز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان اداروں میں عربی تعلیم اور روزانہ دینی تعلیم کا بھی انتظام ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ کو مفت طعام، یونیفارم، صابن، رہائش، بیڈس، اسپورٹس کا سامان اور مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

آخر میں انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہنگے خانگی اسکولوں پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بجائے سرکاری اداروں میں دستیاب معیاری تعلیم سے استفادہ کریں اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنائیں۔