Urdu Journalists Welfare Association Warangal Holds Key Meeting, Pledges to Safeguard Constitution and Restore Journalists’ Rights
اردو جرنلسٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن ورنگل کا اہم اجلاس: دستور کے تحفظ اور صحافتی حقوق کی بحالی کا عزم
حیدرآباد/ورنگل:
(دستور نیو ز ڈا ٹ کام)
گولڈن گیسٹ ہاؤس، ایل بی نگر ورنگل میں اردو جرنلسٹس ویلفیر ایسوسی ایشن ورنگل کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے منعقدہ اس اجلاس میں صحافیوں نے دستورِ ہند کے تحفظ اور جمہوریت کی بقاء کے حوالے سے پُر زور تقاریر کیں۔
اجلاس کے آغاز میں تمام شرکاء نے یومِ جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور موجودہ حالات میں آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کی حفاظت ہر صحافی کی اولین ذمہ داری ہے۔ اراکین نے ملک میں امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنے مذہبی اور سماجی تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اردو صحافت نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
اجلاس میں ایسوسی ایشن کے قانونی معاملات پر بھی تفصیلی غور و خوض ہوا۔ ایسوسی ایشن کے رجسٹریشن دستاویزات کو دوبارہ حاصل کرنے اور کاغذی کارروائی کو مکمل کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس اہم کام کی ذمہ داری متفقہ طور پر ایسوسی ایشن کے صدر جناب محمد اکبر ضیاء اور معتمد جناب اسماعیل ذبیح کو سونپی گئی تاکہ تنظیم کی قانونی حیثیت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
ریاستی اور ضلعی سطح پر صحافیوں کو ملنے والی سہولیات کے حوالے سے اجلاس میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ ایکریڈیشن کمیٹیوں میں اردو صحافیوں کو بھی مناسب نمائندگی دی جائے۔ اراکین نے طے کیا کہ اس سلسلے میں عنقریب حکومت اور متعلقہ حکام سے نمائندگی کی جائے گی تاکہ اردو صحافیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس اجلاس میں صدر و معتمد کے علاوہ اردو صحافت اردو جرنلسٹس اسوسییشن ورنگل سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں:
* جناب محمد جعفر، * حافظ فضل الرحمن واجد، * جناب محمد اختر حسین، * جناب محمد حسین پاشاہ، * حافظ صادق حسین
اور دیگر ذمہ داران و اراکین شامل تھے۔ اجلاس کا اختتام ملک کی سلامتی اور اردو صحافت کی ترقی کی دعاؤں پر ہوا۔
دستور نیوز ڈاٹ کام