Avoid Night and Early Morning Travel Due to Fog: Police Commissioner Sunpreet Singh
دھند کے باعث رات اور علی الصبح سفر سے گریز کریں: پولیس کمشنر سن پریت سنگھ

حیدرآباد/ورنگل:3/جنوری
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ورنگل پولیس کمشنر سن پریت سنگھ نے موسم میں دھند کی شدت میں اضافے کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حتیٰ الامکان رات اور علی الصبح کے اوقات میں سفر کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ گھنی دھند کے سبب سڑکوں پر سامنے سے آنے والی گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کو دیکھنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
پولیس کمشنر نے حالیہ دنوں میں دھند کی وجہ سے پیش آنے والے سڑک حادثات کے تناظر میں کہا کہ ان اوقات میں معمولی سی لاپرواہی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، لہٰذا عوام سے گزارش ہے کہ انتہائی ضرورت کے علاوہ اس دوران سفر نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دھند کے دوران سفر ناگزیر ہو تو گاڑیوں کو تیز رفتاری سے نہ چلایا جائے بلکہ پوری توجہ اور احتیاط کے ساتھ آہستہ ڈرائیونگ کی جائے۔ کم حدِ نگاہ کے باعث دیگر گاڑیاں، پیدل چلنے والے، موڑ اور سڑک کے حصے واضح نظر نہیں آتے، اس لیے گاڑیوں کی ہیڈ لائٹس لو بیم پر رکھیں اور فاغ لائٹس کا استعمال کریں۔
پولیس کمشنر نے ہدایت دی کہ ہنگامی سفر سے قبل گاڑی کی حالت کی جانچ کر لی جائے، خصوصاً بریکس، لائٹس اور ٹائروں کی درستگی کو یقینی بنایا جائے۔ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال، اچانک اوورٹیک کرنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جیسے خطرناک اقدامات سے مکمل پرہیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی ہدایات اور ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے ہی گاڑی چلانا عوام کی حفاظت کے ساتھ ان کی منزل تک بحفاظت پہنچنے کا واحد ذریعہ ہے، اور یہی ورنگل پولیس کا بنیادی مقصد ہے۔