Free Training Classes Announced for Telangana Police Recruitment 2026 in Warangal
تلنگانہ پولیس ریکروٹمنٹ 2026 کی تیاری کے لیے ورنگل میں مفت تربیتی کلاسز کا اعلان
ورنگل، 15 اگست
جماعتِ اسلامی ہند، ورنگل سٹی کے زیرِ اہتمام آئیڈیل یوتھ موومنٹ (IYM) کے اشتراک اور Academy for Success and Excellence, Telangana کی رہنمائی میں مستحق اور باصلاحیت طلبہ کے لیے تلنگانہ پولیس ریکروٹمنٹ 2026 کی تیاری کے سلسلے میں مفت تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
منتظمین کے مطابق رجسٹرڈ طلبہ کے لیے 23 اگست 2026 کو اسکریننگ ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا۔ اسکریننگ ٹیسٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے میرٹ پر منتخب طلبہ کو مفت پولیس ریکروٹمنٹ کوچنگ فراہم کی جائے گی۔
تربیتی پروگرام کے تحت تحریری امتحان کی تیاری کے لیے تجربہ کار اور اہل اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جبکہ جسمانی اہلیت کے امتحانات Physical Events کی تیاری کے لیے ماہر ٹرینرس کی نگرانی میں عملی مشقیں بھی کروائی جائیں گی۔
اس پروگرام کا مقصد مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو پولیس ریکروٹمنٹ کی تیاری کے لیے معیاری تعلیم، مناسب رہنمائی اور جسمانی تربیت فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پولیس محکمہ میں ملازمت حاصل کرنے کے اپنے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرسکیں۔
پروگرام کے انتظامات اور نگرانی میں عبدالعلیم، کنوینر، وحاج الحق، کو-کنوینر، نظام الدین، IYM پریزیڈنٹ، شیخ اے۔ خلیل، IYM نائب صدر، اور شہباز، سٹی کوآرڈینیٹر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ تحسین بابر، خالد سیف اللہ، شمس و ہدیٰ، عبدالقدیر ، مجاہد عرفان اور عبداللہ فیض سمیت دیگر احباب بھی پروگرام کے انعقاد، انتظامات اور نوجوانوں کی رہنمائی میں تعاون کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں 23 اگست 2026 کو پوچما میدان انفارمیشن سینٹر میں طلبہ اور نوجوانوں کے لیے ایک اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں پولیس ریکروٹمنٹ کی تیاری اور تربیتی پروگرام سے متعلق مزید رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
منتظمین نے تمام مستحق اور خواہش مند طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور استفادہ کریں اور 23 اگست کو منعقد ہونے والے اسکریننگ ٹیسٹ میں مقررہ وقت پر شرکت کریں۔
اکبر ضیاء
دستور نیوز
dastoornews.com