Bringing awareness among the public through police awareness programs is the need of the hour: Sunpreet Singh
پولیس جاگروتی پروگراموں سے عوام میں بیداری لانا وقت کی ضرورت: سن پریت سنگھ

حیدرآباد/ورنگل
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ورنگل پولیس کمشنر سن پریت سنگھ نے کہا کہ پولیس جاگروتی فنکار ٹیم کے ذریعے منعقد ہونے والے ثقافتی پروگرام عوام میں بیداری پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگراموں کے ذریعے دیہی عوام میں سماجی اور قانونی شعور اُجاگر کرنا نہایت ضروری ہے۔
کمشنر سن پریت سنگھ نے اپنے دفتر میں ورنگل پولیس کمشنریٹ جاگروتی آرٹس ٹیم کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹیم کی انچارج اے۔ ایس۔ ای۔ ناگمنی نے کمشنر کو بتایا کہ فنکار ٹیم مختلف دیہاتوں میں سائبر جرائم، روڈ سیفٹی، توہم پرستی، شی ٹیم، ڈائل 100 اور نشہ آور اشیاء کے نقصانات جیسے موضوعات پر عوام میں بیداری پیدا کر رہی ہے۔

کمشنر نے ہدایت دی کہ ٹیم اپنے ڈراموں اور ثقافتی مظاہروں کے ذریعے عوام کو آسان زبان میں ان جرائم کے نقصانات اور ان کے تدارک کے طریقوں سے واقف کرائے۔ انہوں نے زور دیا کہ صرف کہانیوں تک محدود نہ رہیں بلکہ پچھلے تین برسوں کے واقعات اور ان سے حاصل ہونے والے تجربات کو بھی عوام کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ بیداری زیادہ مؤثر ہو۔
سن پریت سنگھ نے مزید کہا کہ فنکار ٹیم ہر ماہ کے پروگرام کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کرے اور متعلقہ محکمہ جات سے مکمل معلومات حاصل کر کے اپنے مظاہروں کو حقیقت کے قریب بنائے۔انہوں نے اے سی پی ایس بی-II، جان نرسمہا کو ہدایت دی کہ وہ جاگروتی ٹیم کی کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی کریں اور اس کی رپورٹ وقتاً فوقتاً پیش کریں۔اس موقع پر ہیڈ کانسٹیبلز ولیم، رتنا یّا، وینکٹیش ورلو، کانسٹیبل پول سنگھ اور ہوم گارڈز بھی موجود تھے۔