MLA Rajender Reddy inaugurated the Skill Development Center of Muslim Welfare Society in Hanamkonda.
ہنمکنڈہ میں مسلم ویلفیئر سوسائٹی کے اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر کا افتتاح
حیدرآباد/ورنگل
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
مسلم ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ہنمکنڈہ میں اسکل ڈویلپمنٹ اور کمیونٹی سینٹر کا باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔ اس سنٹر کا افتتاح ورنگل مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی، نائنی راجندر ریڈی نے کیا۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا اور اس کی نظامت کے فرائض جناب ناصر واحد نے انجام دیے۔
اس تقریب کی صدارت محمد سراج احمد نے کی جبکہ رکن اسمبلی حلقہ ورنگل مغرب نائنی راجندر ریڈی، ضلع لائیبریری چیرمن عزیز خان، سابقہ کارپوریٹر ایڈوکیٹ ابوبکر، ڈی ایم ڈبلو او غوث حیدر، اور کانگریس قائد مرزا عزیز بیگ نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر انیس احمد صدیقی اور کلیم صاحب نے مسلم ویلفیئر سوسائٹی کی کارکردگی اور اس کے اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیلی تعارف پیش کیا۔ انہوں نے مستقبل میں مطلوبہ سہولیات کے بارے میں بھی رکن اسمبلی کو آگاہ کیا۔اپنے خطاب میں رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے سوسائٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سوسائٹی نہ صرف ورنگل اور ہنمکنڈہ بلکہ پورے تلنگانہ میں منفرد ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یہ تنظیم بغیر کسی سرکاری امداد کے خود انحصاری کے ساتھ بلا تفریق مذہب و ملت غریب عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے سوسائٹی کے ممبران سے وعدہ کیا کہ مستقبل میں ان کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
سابق کارپوریٹر ایڈوکیٹ ابوبکر نے بھی خطاب کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کا یقین دلایا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومتی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان سے کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔تقریب کے دوران، اس سینٹر سے تربیت یافتہ طلبہ کو اسناد سے نوازا گیا اور مختلف سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں کے طلبہ میں نوٹ بکس اور اسٹیشنری بھی تقسیم کی گئی۔