Strict action will be taken against miscreants and anti-social elements. Warangal Police Commissioner directs strict action
شرپسندوں ، اور غیر سماجی عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔و رنگل پولیس کمشنر کی جانب سے کڑے اقدامات کی ہدایت
حیدرآباد/ورنگل:-
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ورنگل پولیس کمشنر امبر کشور جھا نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ غیر سمانی عناصر ( روڈی شیٹرس) شرپسندوں اور عوام کو پریشان کرنے والے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ جمعہ کے روز وارنگل پولیس کمشنریٹ کے دفتر میں منعقدہ کرائم ریویو میٹنگ کے دوران یہ ہدایات جاری کی گئیں۔
اس ماہانہ جائزہ میٹنگ میں ڈی سی پیز، ایڈیشنل ڈی سی پیز، اے سی پیز، انسپکٹرز اور ایس آئیز نے شرکت کی۔ پولیس کمشنر نے سب سے پہلے پولیس اسٹیشن، ڈویژن اور زون سطح پر زیر التواء کیسز، مجرموں کی گرفتاری، تحقیقات، شواہد کی جمع آوری اور چارج شیٹ کے حوالے سے افسران سے معلومات حاصل کیں۔
پولیس کمشنر نے سنگین مقدمات، خواتین کے خلاف جرائم، پراپرٹی جرائم، پوکسو کیسز، گمشدہ افراد، گانجہ اور سڑک حادثات جیسے کیسز پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ پولیس اسٹیشن کی سطح پر زیر التواء مقدمات کے حل اور ان کے سدباب کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پولیس کمشنر نے افسران کو تاکید کی کہ جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر احتیاطی تدابیر اپنائیں، خاص طور پر گمشدہ افراد کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، دیانتداری سے کام کریں، شہری معاملات سے دور رہیں اور جھوٹے مقدمات درج کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پولیس مستعد نہ ہو تو امن و امان بگڑ سکتا ہے، لہٰذا روڈی شیٹرس کے بارے میں وقتاً فوقتاً معلومات جمع کریں اور ضروری اقدامات اٹھائیں۔
اس اجلاس میں ڈی سی پیز راجہ مہندر نائک، رویندر، اے ایس پی مانن بھٹ، ایڈیشنل ڈی سی پی روی، اے سی پیز، انسپکٹرز اور ایس آئیز نے شرکت کی۔