Demanding strict action against Narsinghanand, who is insolent in the honor of Holy Prophet (PBUH). Representation of BRS delegation led by Muhammad Mehmood Ali to DGP Dr. Jitendra

تلنگانہ قومی
حضور اکرمﷺ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ملعون نرسنگھانند کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ۔
محمد محمود علی کی قیادت میں بی آرایس وفد کی ڈی جی پی سے نمائندگی

 

حیدرآباد: -11/اکتوبر
(دستور نیوز ڈاٹ کام)

سابق وزیر داخلہ ورکن قانون ساز کونسل بی آرایس محمدمحمود علی کی قیادت میں آج بی آرایس کی ایک وفد نے ڈی جی پی ڈاکٹرجتیندر سے ملاقات کی اور ایک تحریری یادداشت پیش کی ۔جس میں نرسنگھا نند کےخلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیاگیا۔وفد نے نرسنگھا نند کی جانب سے حضور اکرمﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی شدید مذمت کی۔

وفد نے یادداشت میں بتایاکہ نرسنگھانند کا بیان انتہائی اشتعال انگیز اور توہین آمیز ہے۔نرسنگھانند کی اشتعال انگیزی کے باعث فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن وامان کو خطرہ لاحق ہے۔وفد نے بتایاکہ ہمارا ملک کثرت میں وحدت کی بہترین مثال ہے۔یہاں کسی بھی مذہب اور مذہبی شخصیات کی توہین کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔وفد نے ڈی جی پی پرزور دیاکہ وہ نرسنگھا نند کےخلاف مناسب کارروائی کرے۔ نرسنگھانند کی گستاخی کے باعث سماج میں اضطراب اور بے چینی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔

بی آرایس کے وفد نے بتایاکہ نرسنگھا نند کی ہرزہ سرائی اور زہر افشانی کے باعث مسلمانوں میں شدید برہمی اور ناراضگی پائی جاتی ہے۔وفد نے کہاکہ نرسنگھانند کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔

Demanding strict action against Narsinghanand, who is insolent in the honor of Holy Prophet (PBUH).
Representation of BRS delegation led by Muhammad Mehmood Ali to DGP Dr. Jitender

نرسنگھانند سماج میں منافرت اور فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش کررہاہے۔وفد نے بتایاکہ نرسنگھانند کےخلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔سارے معاملہ کی جامع اور مکمل تحقیقات کی جائے۔ایسے واقعات کے مستقبل میں اعادہ کو روکنے کےلئے ضروری اقدامات روبہ عمل لائے جائیں۔
وفد میں ‘محمدسلیم سابق صدرنشین وقف بورڈ ‘ خواجہ بدرالدین‘ ارشد نواب‘ محمدعبدالباسط‘ محمدمنیر ‘اےم اے معیدخان‘ منور خان‘ سید اکبر حسین اور دوسرے موجودتھے۔

اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے محمدمحمود علی نے کہاکہ حضوراکرمﷺ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہاکہ نرسنگھانند کو قبل ازیں بھی گرفتار کیاگیاتھا اور پابند کیاگیاتھا تاہم نرسنگھانند نے دوبارہ گستاخانہ بیان دیاہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نرسنگھانند کے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں اور پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نرسنگھانند کےخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔