گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کریں ۔ایڈیشنل کلکٹر رادھیکا گپتا
حیدرآباد/ورنگل:-29/مئی
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ایڈیشنل کلکٹر ضلع ہنمکنڈہ رادھیکا گپتا نے کہا کہ حکام کو گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔ ہنمکنڈہ ضلع کلکٹریٹ کے منی کانفرنس ہال میں بروز چہارشنبہ پولیس، منشیات، تعلیم اور دیگر محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ ضلع میں گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کے کنٹرول پر ایک ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس، نارکوٹکس اور دیگر محکموں کے افسران نے ضلع میں گانجہ اور دیگر منشیات پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات اور آنے والے دنوں میں کی جانے والی سرگرمیوں کی تفصیلات بتائیں۔
اس اجلاس میں متعلقہ محکموں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر رادھیکا گپتا نے کہا کہ نوجوانوں اور طلباء کو منشیات کے عادی ہونے سے روکنے کے لئے سخت سے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو، گانجہ اور دیگر منشیات کے عادی افراد طبی خدمات کے لیے 14416 ٹیلی مینس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ورنگل ایم جی ایم اسپتال میں منشیات کے عادی افراد کے لیے 20 بستروں پر مشتمل ایک بحالی مرکز دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بحالی مرکز کے ذریعے متاثرین کو 30 دن تک مفت طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر لوگوں سے گزارش کی ہے کہ گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء پر قابو پانے کے لیے محکمہ پولیس کے نمبر 7013036629 پر معلومات دیں۔ اسی طرح ا سکولوں اور کالجوں کے دوبارہ کھلنے کے پیش نظر انسداد منشیات کمیٹیاں بنائی جائیں۔ اس پر اس ضمن میں ایک تجویز بھی دی گئی ہے کہ سکول اور کالج میں ہونے والے انسداد منشیات کمیٹی کے اجلاسوں میں پولیس کو بھی مدعو کیا جائے۔ اس میٹنگ میں ورنگل سنٹرل زون کے ڈی سی پی محمد عبدالباری اور مختلف محکموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔