حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے ریاستی صدر نشین حج کمیٹی کے عہدہ کا جائزہ حاصل کر لیا
حیدرآباد:-11/مارچ
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے آج حج ہاؤزنامیلی میں منعقد تقریب میں صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے عہدہ کا جائزہ حاصل کر لیا ۔

بڑی تعداد میں ریاست بھر سے سیاسی قائیدین ، عوامی نمائندوں، علماء ، مشائخین ، سجادگان ، متولیان اور مختلف مذہبی تنظیموں کے سربراہوں کی موجودگی میں مولانا خسر و پاشاہ نے صدارت کی ذمہ داری سنبھال لی۔
حج ہاؤزنامیلی میںمنعقد کئی گئی اس تقریب کا آغاز قرآت کلام پاک سے ہوا اور جائز ہ حاصل کرنے کے بعد مولانا احمد نقشبندی نے کامیابی و کامرانی کیلئے دعا کی۔ بعد ازاں اس تقریب میں بارگاہ حضرت افضل بیابانی قاضی پیٹ کے مریدین و معتقدین کی کثیر تعداد نے مولانا خسرو پاشاہ کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر ریاستی اسمبلی تلنگانہ کے اسپیکر گڈم پرساد کمار ، صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، کانگریس قائد فهیم قریشی ، جانشین سجادہ درگاہ قاضی پیٹ سید بختیار بیابانی ،علی بن ابراہیم مسقطی، شجاعت اللہ حسینی، مرزا عزیز احمد بیگ، ہنمکنڈہ رکن اسمبلی نائینی راجندر ریڈی، سینیر قائید ایڈکیٹ ابو بکر ، عزیز خان ،کارپوریٹر فرقان ، کارپویٹر ودیا ساگر، محمد ایوب ، محمد تنویر، مرزا عزیز بیگ، محمد افروز، محمد اکرم، محمد قادر محی الدین (شارو) سینیر صحافی اطہر معین، ایس ایم سعید ، عبدالقہار و دیگر اس موقع پر موجود تھے۔

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولا نا سید غلام افضل بیابانی نے عازمین حج کی خدمت کا موقع فراہم کرنےپر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی روانگی سے فریضہ حج کی تکمیل کے بعد واپسی تک کے تمام امور کو بہترین انتظامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت یقینا باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں طعام و قیام کے مؤثر انتظامات کئے جائیں گے اور ایر پورٹ پر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی حج کمیٹی بہترانتظامات کو یقینی بنایا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں حج کمیٹیوں نے بہتر کام کیا تھا باوجود اسکے جو بھی باقیاں رہ گئی تھیں یا اضافہ ہوگئی ہیں انہیں مکمل کیا جائے گا۔

حضرت خسر و پاشاہ نے کہا کہ رباط میں عازمین حج کے قیام کی مساعی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کے ارکان اور دیگر اقلیتی اداروں کے تعاون اور اشتراک سے انتظامات کئے جائیں گے۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی شیخ لیاقت حسین اور اسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف نے صدر نشین حج کمیٹی کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر حج کمیٹی کے ملازمین نے صدر نشین کی گلپوشی کی اور شام تک مبارکباد دینے والوں کا آنے کا سلسلہ جاری رہا۔