Hyderabad Women’s Dialogue Explores Seerah of Prophet Muhammad ﷺ as a Symbol of Peace and Justice

 Hyderabad Women’s Dialogue Explores Seerah of Prophet Muhammad ﷺ as a Symbol of Peace and Justice

حیدرآباد
 Hyderabad Women’s Dialogue Explores Seerah of Prophet Muhammad ﷺ as a Symbol of Peace and Justice
 سیرتِ حضرت محمد ﷺ — امن و انصاف کی علامت؛ جماعتِ اسلامی ہند کے زیرِ اہتمام حیدرآباد میں خواتین کی خصوصی نشست

حیدرآباد:
(دستور نیوز)

شعبہ خواتین جماعتِ اسلامی ہند، شہرِ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ رابطہ عامہ کے زیرِ اہتمام ’’سیرتِ حضرت محمد ﷺ — امن و انصاف کی علامت‘‘ کے عنوان سے شہر کی معزز خواتین شخصیات کی ایک خصوصی نشست منعقد کی گئی، جس میں مختلف مذاہب اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔

اس نشست کا مقصد سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر غور و فکر، بامعنی مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینا تھا۔ پروگرام میں منعقدہ مکالماتی اجلاس ’’غور و فکر، مکالمہ اور افہام و تفہیم‘‘ کے ذریعے شرکاء کو سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں عصری سماجی مسائل پر اپنے خیالات کے اظہار اور تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کیا گیا۔

پانچ اہم سماجی موضوعات پر گروپ مباحثہ

مکالماتی اجلاس کی رابطہ کار ڈاکٹر اسماء زرزری، سٹی سیکریٹری شعبہ خواتین جماعتِ اسلامی ہند، شہرِ عظیم تر حیدرآباد تھیں۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو پانچ گروپس میں تقسیم کیا گیا اور انہیں انصاف (Justice)، انسانی وقار (Dignity)، خواتین کی آواز (Women’s Voice)، بااختیاری (Empowerment) اور امن (Peace) جیسے اہم موضوعات دیے گئے۔

ہر گروپ کو سیرتِ نبوی ﷺ سے متعلق ایک مختصر واقعہ اور اس پر غور و فکر کے لیے ایک مرکزی سوال فراہم کیا گیا۔ شرکاء نے پہلے واقعے کا مطالعہ کیا، پھر باہمی گفتگو اور تبادلۂ خیال کے ذریعے اپنے خیالات اور نقطۂ نظر پیش کیے۔ بعد ازاں ہر گروپ نے اپنی گفتگو کے تین اہم نکات اجلاس میں پیش کیے۔

اس سرگرمی کے ذریعے سیرتِ نبوی ﷺ کو محض تاریخی واقعات کے بجائے انصاف، انسانی وقار، خواتین کی آواز، بااختیاری اور امن و سلامتی جیسے موجودہ سماجی موضوعات کے تناظر میں سمجھنے اور ان سے رہنمائی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔

ڈاکٹر اسرا محسنہ کا خطاب

مکالماتی اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر اسرا محسنہ، ڈائریکٹر شعبہ رابطہ عامہ، شعبہ خواتین جماعتِ اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ نے خطاب کیا۔ انہوں نے نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف عملی نمونوں اور معمولات کو پیش کرتے ہوئے سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں زندگی گزارنے کے پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا۔

تلاوتِ قرآن، ترانہ اور افتتاحی کلمات

پروگرام کا آغاز محترمہ عرشیہ جبین کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ تلاوت کی آیات کا اردو، انگریزی اور تلگو زبانوں میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ محترمہ سمیہ امۃ الرزاق نے ترانہ پیش کیا، جبکہ محترمہ فریسہ قادری، اسسٹنٹ سٹی سیکریٹری شعبہ خواتین جماعتِ اسلامی ہند، شہرِ عظیم تر حیدرآباد نے افتتاحی کلمات ادا کیے۔

پروگرام کی کنوینر محترمہ عرشیہ مدثر، سکریٹری شعبہ رابطہ عامہ جماعتِ اسلامی ہند، شہرِ عظیم تر حیدرآباد نے نظامت اور پروگرام کی کارروائی کو مؤثر انداز میں انجام دیا۔

مہمان خواتین کو سیرتِ نبوی ﷺ پر کتابوں کا تحفہ

اس موقع پر شریک مہمان خواتین کو ’’The Noble Life of Prophet Muhammad (PBUH) — حیاتِ طیبہ ﷺ‘‘ نامی کتاب اردو، انگریزی اور تلگو زبانوں میں بطورِ تحفہ پیش کی گئی، تاکہ وہ سیرتِ نبوی ﷺ کے پیغام اور تعلیمات سے مزید استفادہ کرسکیں۔

پروگرام کے اختتام پر محترمہ افشاں خلیل نے کلماتِ تشکر پیش کیے۔ نمازِ مغرب کے بعد مہمانوں کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس کے دوران شرکاء کو غیر رسمی ملاقات، باہمی گفتگو اور روابط کو مزید مستحکم کرنے کا موقع بھی حاصل ہوا۔

یہ نشست مختلف مذاہب اور سماجی پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کے درمیان مکالمے، باہمی احترام اور سیرتِ نبوی ﷺ کے آفاقی پیغام کو عصری سماجی موضوعات سے جوڑنے کی ایک بامقصد کوشش کے طور پر منعقد کی گئی۔

dastoornews