ورنگل کے معروف سماجی شخصیت محمد افضل محی الدین کا انتقال، سوگ کی لہر
*ورنگل، 27 ستمبر (دستور نیوز):*ورنگل کی معروف سماجی، ملی اور تعلیمی شخصیت، بی سی ویلفیئر کارپوریشن کے ریٹائرڈ افسر جناب محمد افضل محی الدین صاحب (60 سالہ) ولد مرحوم غلام محی الدین صاحب کا ہفتہ کی شام 5 بجے اچانک علالت کے باعث انتقال ہوگیا۔
مرحوم کو قے کی شکایت پر اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ راستے ہی میں انہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا۔
مرحوم، ورنگل حج سوسائٹی کے صدر جناب سرور محی الدین غازی کے بڑے بھائی تھے۔ آپ اسلامیہ اولڈ اسٹوڈنٹس سوسائٹی کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے اور وقف اراضی کے تحفظ کے لیے آپ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آپ ایک نہایت مخلص، ہمدرد، ملنسار، قوم و ملت کے خیرخواہ اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار شخصیت تھے۔
پسماندگان میں ایک فرزند غلام محی الدین (مقیم آسٹریلیا) اور دو صاحبزادیاں شامل ہیں۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ بروز ہفتہ 27 ستمبر بعد نمازِ عشاء مسجدِ ہدیٰ، گرماجی پیٹ، ہنمکنڈہ میں ادا کی گئی اور تدفین چاکر اس کنٹہ قبرستان میں عمل میں آئی۔ نمازِ جنازہ میں علماء، ائمہ، سیاسی و سماجی قائدین اور کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، قبر کو نور سے منور کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔
*تعزیتی پیغام*
ہم جناب محمد افضل محی الدین صاحب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں اور غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
*سوگوار: جملہ احباب و متعلقین، ورنگل*۔