Warangal CP N. Swetha IPS Inspects AInavolu Police Station
ورنگل سی پی این۔شویتا آئی پی ایس کا آئیناولُو پولیس اسٹیشن کا معائنہ، عوام اور عقیدت مندوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کی ہدایت

ورنگل، 13 نومبر
(دستور نیوز)
ورنگل پولیس کمشنر این۔شویتا آئی پی ایس نے جمعہ کے روز آئیناولُو پولیس اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے مختلف امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔
پولیس اسٹیشن پہنچنے پر پولیس عہدیداروں نے سی پی این۔شویتا کا پودے پیش کرتے ہوئے استقبال کیا، جبکہ پولیس عملے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر پولیس کمشنر نے پولیس اسٹیشن کے احاطے میں ناریل کا پودا بھی لگایا۔
بعد ازاں انہوں نے پولیس اسٹیشن میں موجود مختلف ریکارڈس، مقدمات کی تفصیلات اور انتظامی امور سے متعلق رجسٹرس کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ پولیس عملے سے بات چیت کرتے ہوئے ان کی ذمہ داریوں، فرائض اور کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

اس موقع پر پولیس کمشنر این۔شویتا نے کہا کہ عوام کو بہتر پولیس خدمات فراہم کرنا پولیس محکمہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے پولیس اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی کے ساتھ انجام دیں۔
انہوں نے خصوصی طور پر کہا کہ آئیناولُو میں واقع سری ملیکارجن سوامی مندر ایک مقدس مذہبی مقام ہے، جہاں بڑی تعداد میں عقیدت مند پہنچتے ہیں۔ ایسے میں پولیس اہلکاروں کو چاہیے کہ وہ یہاں آنے والے عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات، رسومات، تہذیب اور روایات کا احترام کریں اور انہیں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آنے دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار اپنے پیشہ ورانہ رویے اور بہتر خدمات کے ذریعہ محکمہ پولیس کی ساکھ برقرار رکھیں اور عقیدت مندوں کو بھی بہترین سہولیات فراہم کریں۔
پولیس کمشنر نے عملے کو اپنی انفرادی صحت پر خصوصی توجہ دینے اور روزانہ پابندی کے ساتھ ورزش کرنے کا بھی مشورہ دیا۔

اس موقع پر ایسٹ زون ڈی سی پی انکیت کمار، مامونور اے سی پی وینکٹیش، پروتگیری سرکل انسپکٹر سنتوش، آئیناولُو سب انسپکٹر اشوک، سنگم سب انسپکٹر ونشی کرشنا، پروتگیری سب انسپکٹر راج کمار اور آئیناولُو پولیس اسٹیشن کے دیگر عملے کے ارکان موجود تھے۔
دستور نیوز