Hanamkonda Collector Chahat Bajpai Inspects Wellness Centre, Directs Improvement in Medical Services
ہنمکنڈہ ویلفیئر سینٹر کا کلکٹر چاہت باجپائی کا اچانک معائنہ، طبی خدمات بہتر بنانے کی ہدایت
ہنمکنڈہ میں ویلفیئر سینٹر کا کلکٹر چاہت باجپائی نے کیا اچانک معائنہ
ادویات کی فراہمی میں تاخیر دور کرنے اور ڈیٹا انٹری تیز کرنے کی ہدایت
ہنمکنڈہ، 19 اکتوبر
(دستورنیوز )
ہنمکنڈہ ضلع کلکٹر چاہت باجپائی نے ہنمکنڈہ سرکاری زچہ و بچہ اسپتال کے احاطے میں واقع ویلفیئر سینٹر کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے طبی خدمات اور مرکز کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مریضوں کو بروقت طبی سہولتیں اور ادویات فراہم کرنے پر زور دیا۔
پیر کے روز انجام دیے گئے معائنے کے دوران ضلع کلکٹر نے سینٹر کے ڈینٹل، گائناکالوجی، جنرل میڈیسن، جنرل سرجری، ای این ٹی، فارمیسی اسٹور، فارمیسی اور لیباریٹری سمیت مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سسمیتا سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات اور او پی خدمات سے استفادہ کرنے والے مریضوں کی تعداد کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
متعلقہ شعبوں میں او پی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں سے بھی کلکٹر نے بات چیت کی۔ ڈاکٹر سسمیتا نے بتایا کہ سینٹر میں او پی خدمات حاصل کرنے کے لیے آنے والے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

کلکٹر نے ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری رجسٹر کی جانچ کی اور احاطے میں موجود بیت الخلاء کا بھی معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مریضوں کی تفصیلات درج کرنے کے طریقۂ کار اور فارمیسی میں ادویات کی تقسیم کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر موجود مریضوں نے کلکٹر کو بتایا کہ ادویات حاصل کرنے میں تاخیر ہوتی ہے اور انہیں کافی دیر تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ مریضوں کی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے چاہت باجپائی نے ہدایت دی کہ تجویز کردہ ادویات کی تفصیلات فوری طور پر آن لائن درج کرکے مریضوں کو فراہم کی جائیں۔

انہوں نے ڈیٹا انٹری کے عمل کو تیز کرنے اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں ہونے والی تاخیر ختم کرنے پر زور دیا۔ اس مقصد کے لیے اضافی کمپیوٹر فراہم کرنے کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
معائنے کے موقع پر متعلقہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ موجود تھا۔
dastoornews.com