الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سکریٹری نوین کمار کا پولنگ مراکز کا دورہ، جامع ووٹر سروے کا جائزہ
ECI Secretary Naveen Kumar Inspects Polling Stations and Reviews Comprehensive Voter
Survey in Warangal

ورنگل، 21 اگست 2026:
(دستور نیوز)
ضلع میں جاری جامع ووٹر سروے کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سکریٹری نوین کمار نے ورنگل ضلع کے مختلف پولنگ مراکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولنگ مراکز پر جاری ووٹر سروے کے عمل کا معائنہ کرتے ہوئے بوتھ لیول افسران (BLOs) کی جانب سے انجام دی جانے والی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا۔
الیکشن کمیشن کے سکریٹری نے ووٹروں کی تفصیلات کے اندراج، معلومات کی جمع آوری اور ان کی تصدیق سمیت دیگر امور کے بارے میں بی ایل اوز سے تفصیلات دریافت کیں۔
بعد ازاں ضلع کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سکریٹری نوین کمار اور ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے شرکت کی۔ اجلاس میں ورنگل ایسٹ، وردھن پیٹ اور نرسَم پیٹ اسمبلی حلقوں سے تعلق رکھنے والے الیکٹورل رجسٹریشن افسران (EROs) اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن افسران (AEROs) کے ساتھ جامع ووٹر سروے کے انعقاد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر نوین کمار نے ہدایت دی کہ نئے قائم کیے گئے پولنگ اسٹیشنوں کے لیے بی ایل اوز کا تقرر کرتے ہوئے انہیں مناسب تربیت فراہم کی جائے۔ انہوں نے ضلع میں No Mapping Anomalies کے زمرے میں آنے والے ووٹروں کو نوٹس جاری کرنے کے لیے اضافی اے ای آر اوز کی تقرری سے متعلق تجاویز ارسال کرنے کی بھی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ ووٹروں کو جاری کیے گئے نوٹس کو مکمل طور پر جانچنے کے بعد ہی قبول کیا جائے۔ جامع ووٹر سروے کے عمل کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق شفاف اور منظم انداز میں انجام دینے کے ساتھ ساتھ ووٹرز کی تفصیلات کی جانچ اور تصدیق کے دوران کسی بھی قسم کی غلطی کی گنجائش نہ رہے، اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے اجلاس میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے ضلع میں خصوصی جامع ووٹر سروے کے انعقاد اور پیش رفت کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے سکریٹری نوین کمار کے سامنے پیش کیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر ریونیو جی. سندھیارانی، ورنگل ایسٹ اسمبلی حلقہ کے ای آر او و ایڈیشنل کلکٹر لوکل باڈیز وائی. وی. گنیش، نرسَم پیٹ آر ڈی او و ای آر او اوما رانی، وردھن پیٹ ای آر او و ورنگل آر ڈی او سما، ڈی آر او وجے لکشمی، 13 منڈلوں کے اے ای آر اوز اور تحصیل داروں کے علاوہ الیکشن سپرنٹنڈنٹ رجنی اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔
dastoornews.com