Congress Leaders Celebrate Dr. Y.S. Rajasekhara Reddy’s 77th Birth Anniversary in Warangal East
ورنگل مشرقی اسمبلی حلقہ میں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی 77ویں یومِ پیدائش کی تقریب، کانگریس قائدین کا شاندار خراجِ عقیدت
ورنگل، 8 /جولائی
دستور نیوز

سابق وزیر اعلیٰ آندھرا پردیش مرحوم ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی 77ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ورنگل مشرقی اسمبلی حلقہ کے پوچمّا میدان سینٹر میں ضلع کانگریس صدر ایم ڈی ایوب کی قیادت میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں سابق وزیر و رکن قانون ساز کونسل بسواراجو ساریاہ اور ریاستی خاتون کانگریس صدر ایرابیلی سورنا بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔ مقررین نے مرحوم ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں غریبوں، کسانوں اور محروم طبقات کا حقیقی ہمدرد قرار دیا۔

اس موقع پر بسواراجو ساریاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے کسانوں کے لیے مفت بجلی، قرض معافی، آروگیہ شری، غریب طلبہ کے لیے فیس ری ایمبرسمنٹ سمیت متعدد فلاحی اسکیمیں نافذ کرکے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم سیاسی طور پر تلنگانہ تحریک کے حامی رہے ہیں، لیکن ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نے ورنگل کے لیے رنگا سائی پیٹ میں سرکاری ڈگری کالج، مستقل پینے کے پانی کی اسکیم اور راجیو گرہ کلپا کے تحت رہائشی منصوبوں سمیت کئی ترقیاتی کاموں کی منظوری دے کر سنگ بنیاد رکھا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو قائدین خود کو ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کا سیاسی وارث قرار دیتے ہیں، انہیں چاہیے کہ دیسائی پیٹ اور دھوپکنٹا کے اندرامّا پٹہ حاصل کرنے والے مستحق خاندانوں سے کیے گئے وعدے کے مطابق ڈبل بیڈ روم مکانات کی منظوری دلائیں۔ ان کے مطابق یہی مرحوم قائد کو حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا اور اس سے غریب مستحقین کو عملی فائدہ پہنچے گا۔

تقریب میں پی سی سی رکن نلگونڈہ رمیش، سابق کارپوریٹرز گنڈیٹی نریندر کمار، بسواراجو شریش شریمن، تتاری لکشمن، جنو ارون، دامیرا سرویشم، دھوپم سمپت، ضلع یوتھ کانگریس صدر کروی پرمیشور، مشرقی یوتھ کانگریس صدر ایم ڈی سلیم، بلاک کانگریس صدر گورنٹلا راجو سمیت کانگریس کے متعدد قائدین، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
dastoornews