Grand Hifz-ul-Quran Ceremony Held at Darul Uloom Mahboobia Maheshwaram, Narsampet
مدرسہ دارالعلوم محبوبیہ مہیشورم نرسم پیٹ میں جشنِ حفظ القرآن کی پروقار تقریب
حیدرآباد/نرسم پیٹ،4/مئی
(دستور نیوزڈاٹ کام)
مدرسہ دارالعلوم محبوبیہ مہیشورم نرسم پیٹ ضلع ورنگل میں جشنِ حفظ القرآن کا ایک پروقار اور روحانی اجتماع منعقد ہوا، جس کی صدارت حافظ و قاری مولانا محمد نعمان اعظمی، چیرمین مدرسہ و نائب گورنمنٹ قاضی نرسم پیٹ تعلقہ نے کی۔

اس تقریب کے مہمانِ خصوصی روزنامہ سیاست و سیاست ٹی وی ورنگل کے محمد اسماعیل ذبیح تھے۔ اس موقع پر مدرسہ کے صدر محمد یوسف، استاد حافظ و قاری محمد عرفان رحمانی، مشیر شیخ جاید، نائب صدر شکیل (نیو مبارک رائس مل)، رکن شوریٰ محمد سراج، سید امجد، محمد صمدانی اور امام و خطیب جامع مسجد نرسم پیٹ مولانا محبوب الرحمن قاسمی سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
مولانا محبوب الرحمن قاسمی نے حافظِ قرآن کی آخری تلاوت مکمل کروائی۔ اس کے علاوہ مولانا مرشید، مولانا تحسین (سابق استاد)، حافظ زبیر احمد (لکھناپلی)، برہان الدین سلیم (ہنمکنڈہ)، ڈاکٹر محمد عفان ذبیح، انجینئر محمد عدنان ذبیح اور دیگر معززین شہر بھی شریک رہے۔

ناظم و مہتمم حافظ و قاری مولانا محمد نعمان اعظمی نے اپنے خطاب میں مدرسہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ ورنگل سے تقریباً 35 کلومیٹر دور ایک دیہی علاقے میں قائم ہے، جس کا مقصد غریب مسلمانوں تک دینی تعلیم پہنچانا اور نئی نسل کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ گزشتہ 30 برسوں سے دینی، ملی، سماجی اور فلاحی خدمات انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مدرسہ کے بانی الحاج حضرت مولانا محمد اکبر رحمانیؒ نے 1996ء میں اس ادارے کی بنیاد رکھی تھی، جبکہ ان کا انتقال جولائی 2017ء میں ہوا۔ اب تک 350 سے زائد طلبہ یہاں سے حفظِ قرآن مکمل کر چکے ہیں، جبکہ اس وقت 75 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ مدرسہ میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کا بھی انتظام موجود ہے۔