Negligence in SIR Poses a Threat to the Future; Grassroots Public Guidance Is Imperative: Maulana Shah Syed Ehsanuddin Qasmi
ایس آئی آر میں لاپرواہی مستقبل کے لیے خطرہ، زمینی سطح پر عوامی رہنمائی ناگزیر: مولانا شاہ سید احسان الدین قاسمی
حیدرآباد:/30/دسمبر
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ریاستی جمعیتہ علماء تلنگانہ کے صدر مولانا شاہ سید احسان الدین قاسمی و رشادی نے ایس آئی آر (SIR) سے متعلق عوامی بیداری مہم کو تیز اور منظم انداز میں چلانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس آئی آر جیسے اہم معاملات میں لاپرواہی مستقبل میں سنگین مسائل کو جنم دے سکتی ہے۔ وہ ریاستی جمعیتہ علماء تلنگانہ کی جانب سے منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
مولانا نے ایس آئی آر سے متعلق امور پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عوام میں اس سلسلہ میں خاطر خواہ آگاہی کا فقدان پایا جاتا ہے، جس کے سبب بالخصوص غریب، کمزور اور ناخواندہ طبقات بروقت فوائد حاصل کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محض اعلانات کافی نہیں بلکہ زمینی سطح پر پہنچ کر عوام کی عملی رہنمائی کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ نے ریاست کے تمام اضلاع کے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ایس آئی آر سے متعلق ورکشاپس منعقد کریں اور مختلف مقامات پر عوامی کاؤنٹرز قائم کر کے لوگوں کو براہِ راست رہنمائی فراہم کریں، تاکہ اس عمل میں مزید تیزی لائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر ضلع، ہر منڈل اور ہر بستی میں جمعیت کے ذمہ داران اور کارکنان کو منظم انداز میں کام کرتے ہوئے عوام کو ایس آئی آر کی اہمیت، فوائد، طریقۂ کار اور درکار دستاویزات کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرنی چاہئیں۔
مولانا قاسمی نے مزید کہا کہ جمعیتہ علماء تلنگانہ اس معاملہ کو محض انتظامی نہیں بلکہ دینی، سماجی اور ملی ذمہ داری سمجھتے ہوئے پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے ذمہ داران کو تلقین کی کہ وہ باہمی اختلافات اور ذاتی مصروفیات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مفاد کو مقدم رکھیں اور مضبوط ٹیم ورک کے ساتھ عوامی خدمت انجام دیں۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ورکشاپس میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ ٹیکنیکل امور میں بزرگوں اور کم تعلیم یافتہ افراد کی مدد کر سکیں۔ اسی طرح خواتین کے لیے علاحدہ یا سہولت بخش نظام قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ وہ بلا جھجھک اپنی رہنمائی حاصل کر سکیں۔
آخر میں مولانا شاہ سید احسان الدین قاسمی نے ریاستی و ضلعی جمعیت کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو وقتی نہ سمجھیں بلکہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں اور ہر سطح پر رپورٹنگ کے ذریعے نگرانی کو یقینی بنائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ایس آئی آر کے فوائد سے مستفید ہو سکیں۔
دستور نیوز ڈاٹ کام