Massive protests against the Waqf Amendment Act in Khammam city and districts, slogans of "Save the country, save the Waqf” echoed
وقف ترمیمی قانون کے خلاف کھمم شہر و اضلاع میں زبردست احتجاج، "دیش بچاؤ، وقف بچاؤ” کے نعرے گونج اٹھے
حیدرآباد/کھمم:-18 /اپریل
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
— آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ شاخ کھمم کے زیر اہتمام اور کل جماعتی قائدین کے طئے شدہ طویل مدتی احتجاجی پروگرام کے تحت آج بعد نماز جمعہ کھمم شہر اور ضلع کے مختلف منڈل جات میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف زبردست احتجاج درج کیا گیا۔کھمم شہر کی مرکزی و محلوں کی مساجد کے روبرو نماز جمعہ کے بعد فرزندان توحید نے "دیش بچاؤ، وقف بچاؤ”، "وقف کے کالے قانون کو واپس لو” اور "امیت شاہ ہوش میں آؤ” جیسے نعروں سے فضا کو گونجادیا۔

احتجاج کا اہتمام ہر مسجد کے خطیب کی سرپرستی میں کیا گیا، جس میں سینکڑوں افراد نے حصہ لیا۔علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقف کا ترمیمی قانون نہ صرف ملک کے آئین کے خلاف ہے بلکہ مسلمانوں کے مذہبی و آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلمان وقف املاک میں کسی بھی غیر ضروری مداخلت کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔علماء نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا جس میں عدالت نے وقف ترمیمی قانون پر فی الحال روک لگاتے ہوئے حکومت سے استفسار کیا کہ وقف جیسے مذہبی اداروں میں غیر مسلموں کی شمولیت کیسے ممکن ہے، جبکہ ہندو مذہبی اداروں میں اس کی اجازت نہیں ہے۔

کھمم کے علاوہ نیلاکنڈا پلی، خوشمنچی، ویرا تلاڑا سمیت مختلف منڈل جات میں بھی بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ ان کا احتجاج کسی طبقے کے خلاف نہیں بلکہ بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کے خلاف ہے، اور جب تک وقف کے کالے قانون کو واپس نہیں لیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔احتجاجی پروگرام میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور اپنی مذہبی و آئینی حقوق کے تحفظ کا پُرزور اظہار کیا۔
