The arrival of Ramadan brings spiritual scenes to the mosques of Khammam city
رمضان المبارک کی آمد، کھمم شہر کی مساجد میں روح پرور مناظر
حیدرآباد/کھمم:-4/مارچ
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ماہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی کھمم شہر کی مساجد میں روحانی اور بابرکت مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ فرزندانِ توحید فرض نمازوں اور نمازِ تراویح خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کر رہے ہیں، جبکہ کلامِ پاک کی تلاوت اور ذکر و اذکار سے مساجد کی فضائیں معطر ہو رہی ہیں۔
نمازِ تراویح کے دوران حفاظِ کرام عمدہ انداز میں قرآنِ مجید کی تلاوت کر رہے ہیں۔ بالخصوص، مسجد زین العابدین (مرکز کھمم) میں مولانا محمد سعید احمد صاحب قاسمی، صدر جمعیت العلماء ضلع کھمم، روزانہ تین پارے سنارہے ہیں۔ مسجد زین العابدین میں نمازیوں کی کثیر تعداد روح پرور ماحول میں عبادات میں مشغول نظر آ رہی ہے۔ اسی طرح، مسجد ابرار (احاطہ مدرسہ اسلامیہ امداد العلوم) میں مفتی جلال الدین صاحب قاسمی بھی روزانہ تین پارے تلاوت کر رہے ہیں، جہاں بعد از تراویح ان کے بصیرت افروز خطابات بھی ہوتے ہیں۔

مسجد مصطفیٰ نگر میں حافظ معاذ روزانہ سوا پارہ سناتے ہیں اور فرزندانِ توحید خشوع و خضوع کے ساتھ نمازِ تراویح ادا کر رہے ہیں۔ رمضان المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سخاوت و ایثار کے جذبے کے تحت مستحقین کی مدد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
شام کے اوقات میں، خصوصاً چار بجے کے بعد، شہر کی مارکیٹوں میں روزہ داروں کی بڑی تعداد افطار کی خریداری میں مصروف نظر آتی ہے۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی جانب سے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ برقی و آبی سربراہی بھی منظم انداز میں جاری ہے۔ بلدیہ کارپوریشن کھمم نے تمام مساجد کے اطراف صفائی کے معقول انتظامات کیے ہیں تاکہ نمازیوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کھمم شہر ایک روحانی اور پُرسکون ماحول میں ڈھل چکا ہے، جہاں ہر طرف عبادات، ایثار و قربانی اور اللہ کی رضا کی جستجو کا جذبہ نظر آ رہا ہے۔