jamal sharif

Mohammad Jamal Sharif Advocate Seeks State-Level Nominated Post in Telangana Government

حیدرآباد
Mohammad Jamal Sharif Advocate Seeks State-Level Nominated Post in Telangana Government
محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کی تلنگانہ حکومت میں ریاستی سطح کے نامزد عہدے کے لیے نمائندگی
حیدرآباد/17/اگست
(دستور نیوز/راست)

سینئر ایڈوکیٹ، صحافی اور کانگریس کے سرگرم قائد محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے یومِ آزادی کی تقریب کے موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت میں ریاستی سطح کے کسی نامزد عہدے پر تقرری کے لیے نمائندگی کی۔

محمد جمال شریف نے اپنی سیاسی، قانونی، صحافتی اور سماجی خدمات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 32 برس سے زائد عرصہ سے عوامی و سیاسی میدان میں سرگرم ہیں اور جنگاؤں ضلع سمیت سابقہ ورنگل ضلع کے عوام کے ساتھ ان کے دیرینہ اور مضبوط روابط ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اقلیتی بہبود، سماجی انصاف، دیہی ترقی، نوجوانوں کے مسائل، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اردو زبان کے فروغ کے لیے انہوں نے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا اور کانگریس پارٹی کے استحکام کے لیے مسلسل خدمات انجام دیں۔

محمد جمال شریف نے بتایا کہ ان کی تعلیمی قابلیت بی کام، ایم اے اردو، ایل ایل بی اور ڈی سی جے ہے۔ وہ جنگاؤں اور ورنگل کی عدالتوں میں دیوانی و فوجداری مقدمات کی پیروی کے ساتھ ساتھ غریب اور ضرورت مند افراد کو قانونی امداد بھی فراہم کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ گزشتہ 36 برس سے اردو صحافت سے وابستہ ہیں اور اپنی صحافتی خدمات کے دوران اقلیتی مسائل، عوامی مشکلات اور دیہی علاقوں کے مسائل کو نمایاں طور پر اجاگر کرتے رہے ہیں۔

jamal sharif
کانگریس سے طویل سیاسی وابستگی

محمد جمال شریف کے مطابق ان کا کانگریس پارٹی سے سیاسی سفر 1992 میں این ایس یو آئی ورنگل کے ضلع سکریٹری کی حیثیت سے شروع ہوا۔ بعد ازاں انہوں نے یوتھ کانگریس سکریٹری، اے پی کانگریس اقلیتی محکمہ کے جوائنٹ کنوینر، ضلع کانگریس کمیٹی کے رکن، اے پی یوتھ کانگریس کے ایگزیکٹیو رکن، جنگاؤں میونسپلٹی کے کوآپشن رکن اور سابقہ ورنگل ضلع کانگریس اقلیتی سیل کے کنوینر سمیت مختلف ذمہ داریاں انجام دیں۔

انہوں نے 2013 سے 2017 تک سابقہ ورنگل ضلع کانگریس اقلیتی سیل کے صدر اور 2017 سے 2023 تک جنگاؤں ضلع کانگریس اقلیتی سیل کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ سال 2023 سے وہ ٹی پی سی سی اقلیتی محکمہ کے نائب صدر کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، جبکہ وہ جنگاؤں ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری بھی ہیں۔

انتخابی سرگرمیوں میں بھی فعال کردار

محمد جمال شریف نے بتایا کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے بھونگیر پارلیمانی حلقہ کے ٹی پی سی سی کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے کام کیا۔ اسی طرح 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں انہوں نے اقلیتی کانگریس انچارج کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 2025 کے جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں بھی انہیں اقلیتی امور کے انچارج اور مبصر کی ذمہ داری دی گئی تھی، جسے انہوں نے پارٹی مفاد میں انجام دیا۔

jamal sharif
تلنگانہ تحریک اور اقلیتی مسائل کے لیے جدوجہد

محمد جمال شریف نے تلنگانہ ریاستی تحریک کے دوران اپنی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علحدہ تلنگانہ کے مطالبے کے حق میں مختلف ریلیوں، جلسوں اور دھرنوں میں شرکت کی اور کئی احتجاجی پروگراموں کے انعقاد میں بھی حصہ لیا۔

انہوں نے اقلیتوں کے لیے 12 فیصد تحفظات کے مطالبے کے سلسلے میں بھی مختلف پروگراموں کے انعقاد اور جدوجہد کا ذکر کیا۔

سماجی اور تعلیمی خدمات

انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے کانگریس نظریات سے وابستہ رہتے ہوئے انہوں نے غریب اور مستحق اقلیتی طلبہ میں تعلیمی کٹس تقسیم کرنے، ضرورت مند افراد کی مدد کرنے، اردو سیمینار، مشاعرے اور اقلیتی اجتماعات منعقد کرنے کے علاوہ عوام کو حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں سے استفادہ دلانے کے لیے بھی خدمات انجام دی ہیں۔

محمد جمال شریف نے مہیش کمار گوڑ سے اپیل کی کہ ان کے طویل سیاسی، قانونی، صحافتی اور سماجی تجربے اور پارٹی کے لیے انجام دی گئی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں تلنگانہ حکومت میں ریاستی سطح کے کسی مناسب نامزد عہدے کی ذمہ داری سونپی جائے۔

اس موقع پر عبدالمنان رضی کے علاوہ سینئر صحافی محمد جاوید علی بھی موجود تھے۔

دستور نیوز ڈاٹ کام