mp kaviya

Complete Pending Process for CGHS Wellness Centre in Warangal Immediately: MP Dr. Kadiyam Kavya

قومی
Complete Pending Process for CGHS Wellness Centre in Warangal Immediately: MP Dr. Kadiyam Kavya
ورنگل میں سی جی ایچ ایس ویلنس سنٹر کے قیام کا زیرِ التوا عمل فوری مکمل کیا جائے: ایم پی ڈاکٹر کڈیم کاویہ

bakhoor wood

نئی دہلی، 13 اگست:
(دستور نیوز /راست)

ورنگل کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کڈیم کاویہ نے مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ ورنگل میں مرکزی حکومت کے صحت منصوبے (CGHS) ویلنس سنٹر کے قیام کے لیے زیرِ التوا مالی منظوری فوری طور پر جاری کرتے ہوئے باقی ماندہ کارروائی مکمل کی جائے۔

اس سلسلے میں ڈاکٹر کڈیم کاویہ نے جمعرات کو نئی دہلی میں مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری سے ملاقات کی اور انہیں یادداشت پیش کرتے ہوئے ورنگل میں CGHS ویلنس سنٹر کے قیام کی ضرورت سے واقف کرایا۔

ایم پی نے بتایا کہ ورنگل اور اطراف کے علاقوں میں تقریباً 12 ہزار مرکزی سرکاری ملازمین، پنشنرس، ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ CGHS کی طبی خدمات پر انحصار کرتے ہیں۔ ورنگل میں ویلنس سنٹر دستیاب نہ ہونے کے باعث انہیں علاج کے لیے 350 کلومیٹر سے زائد مسافت طے کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصاً معمر پنشنرس اور ایسے افراد جنہیں بار بار طبی خدمات کی ضرورت ہوتی ہے، انہیں طویل سفر کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈاکٹر کڈیم کاویہ نے بتایا کہ ورنگل میں CGHS ویلنس سنٹر کے قیام کی تجویز فی الحال مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود میں مالی منظوری کے لیے زیرِ التوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ عمارت کے لیے Fair Rent Assessment پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے، جبکہ کرایہ سے متعلق فائل کو آل انڈیا ریڈیو کے سی ای او کی منظوری بھی حاصل ہوچکی ہے۔

رکن پارلیمنٹ نے مرکزی حکام سے اپیل کی کہ زیرِ التوا مالی منظوری فوری طور پر جاری کرتے ہوئے باقی سرکاری کارروائی مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں CGHS ویلنس سنٹر قائم ہونے سے ہزاروں مرکزی سرکاری ملازمین، پنشنرس اور ان کے اہلِ خانہ کو مقامی سطح پر ہی طبی سہولیات دستیاب ہوں گی اور دور دراز علاقوں کا سفر کرنے کی مشکلات ختم ہوں گی۔

dastoornews.com