Minority Gurukul Student Mohammad Asiya Honoured for Global Karate Achievements
کراٹے میں عالمی اعزاز حاصل کرنے والی محمد آسیہ کو مائنارٹی عمائدین کی تہنیت
حیدرآباد/ہنمکنڈہ:
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
کراٹے میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والی تلنگانہ مائنارٹی گروکل کی طالبہ محمد آسیہ کو مائنارٹی عمائدین کی جانب سے باوقار انداز میں تہنیت پیش کی گئی۔
ہمکنڈہ کے ہنٹر روڈ پر واقع تلنگانہ مائنارٹی گروکل اسکول و کالج (گرلز-1) میں زیرِ تعلیم انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر بی پی سی کی طالبہ محمد آسیہ نے تمل ناڈو کے شہر چنئی میں منعقدہ لائیو کراٹے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروایا۔ اس کے علاوہ 23 نومبر 2025 کو سکندرآباد میں منعقدہ مقابلے میں لمکا بک آف ورلڈ ریکارڈ اور تلگو بک آف ریکارڈ بھی اپنے نام کیے۔

قابلِ ذکر ہے کہ محمد آسیہ اب تک کراٹے میں 200 سے زائد گولڈ میڈلز، 30 سے زائد سلور میڈلز اور 15 سے زائد برونز میڈلز حاصل کر چکی ہیں، جو ان کی مسلسل محنت اور غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر وزیر مائنارٹی بہبود محمد اظہرالدین، تلنگانہ مائنارٹیز گروکل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز سوسائٹی کے صدر ایم ڈی فہیم قریشی، سکریٹری بی شفیع اللہ آئی ایف ایس، نائب سکریٹری زبیدہ بیگم اور جوائنٹ سکریٹری محمد دلاؤر علی نے طالبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تلنگانہ سیکریٹریٹ میں تہنیت کی۔

وزیر مائنارٹی بہبود نے اس موقع پر کہا کہ ٹی جی ایم آر ای آئی ایس معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ایسے باصلاحیت کھلاڑی بھی تیار کر رہا ہے جو ملک اور ریاست کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گروکل اداروں میں نجی تعلیمی اداروں کے مساوی ماہر اساتذہ کی نگرانی میں مکمل طور پر مفت تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔
اس تہنیتی تقریب میں کالج پرنسپل نیرجا ریڈی، اردو جونیئر لیکچرر عائشہ صدیقی، طالبہ کے والدین اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔
دستور نیوز ڈاٹ کام