Warangal Police Commissioner inspects Ghanpur Police Station and ACP office
ورنگل پولیس کمشنر کا گھن پور پولیس اسٹیشن اور اے سی پی دفتر کا معائنہ

حیدرآباد/ورنگل
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ورنگل پولیس کمشنر سَن پریت سنگھ نے بدھ کے روز ویسٹ زون کے حدود میں واقع گھن پور پولیس اسٹیشن اور اے سی پی دفتر کا معائنہ کیا۔بطور پولیس کمشنر عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا ویسٹ زون کے پولیس اسٹیشنوں کا پہلا دورہ تھا۔پولیس کمشنر نے سب سے پہلے اسٹیشن کے احاطے اور سی سی کیمروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔بعد ازاں انہوں نے اسٹیشن میں تعینات پولیس افسران اور عملے کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔انہوں نے متعلقہ انسپکٹر سے اسٹیشن کے حدود میں سب سے زیادہ پیش آنے والے جرائم، سیکٹروں کی تقسیم، انچارج ایس آئی حضرات کے فرائض، راؤڈی شیٹرس اور مشتبہ افراد کی موجودہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔

سَن پریت سنگھ نے بلو کولٹس ٹیم کے فرائض اور ان کے ڈیوٹی اوقات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے اسٹیشن کے نظم و ضبط اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر پولیس کمشنر نے اسٹیشن کے افسران کو کئی اہم ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ ہر اسٹیشن انچارج باقاعدگی سے راؤڈی عناصر کے گھروں کا معائنہ کریں اور ان کی سرگرمیوں پر براہِ راست نظر رکھیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سائبر جرائم کے معاملے میں صرف مقدمہ درج کر دینا کافی نہیں، بلکہ متعلقہ افسران کو مجرموں کے ذرائع اور نیٹ ورک کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کی خرید و فروخت پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کے انسداد کے لیے مسلسل کارروائی کی جائے۔جرائم پر قابو پانے کے لیے ظاہری پولیسنگ (Visible Policing) ضروری ہے، اس لیے شہر میں باقاعدہ پٹرولنگ جاری رکھی جائے تاکہ امن و امان برقرار رہے۔پولیس کمشنر کے ہمراہ ویسٹ زون ڈی سی پی راج مہندر نائک، اے سی پی بھیم شرما، گھنہ پور انسپکٹر وینو کے علاوہ دیگر پولیس افسران و عملہ بھی موجود تھا۔