Persons with disabilities have all the fundamental rights.
District Judge Dr. Pathabhi Rama Rao
معذور افراد کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں.
ضلع جج ڈاکٹر پٹھابھی راماراؤ
حیدرآباد/ہنمکنڈہ
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر بنّو منو وکاس کیندر، قاضی پیٹ میں خصوصی ضرورتوں کے حامل بچوں کے حقوق کے تحفظ اور آگاہی کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا اہتمام انوراگ ہیلپنگ سوسائٹی کی چیئرپرسن اور کاکتیہ یونیورسٹی کی گورننگ باڈی کی رکن ڈاکٹر انیتا ریڈی کی صدارت میں، ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی ہنمکنڈہ کے اشتراک سے کیا گیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر پٹھابھی راماراؤ، معزز ضلع جج، مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے، جبکہ جج کْشما دیش پانڈے (سکریٹری، ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی) اور ڈاکٹر انیتا ریڈی خصوصی مہمانان میں شامل تھیں۔ڈاکٹر پٹھابھی راماراؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ذہنی معذور یا خصوصی ضرورتوں والے بچوں کو دیگر شہریوں کی طرح تمام قانونی حقوق حاصل ہیں، جن میں جائیداد کا حق بھی شامل ہے۔” انہوں نے کہا کہ ایسے بچوں کو محبت اور شفقت کے ساتھ آنکھوں کا تارا سمجھ کر سنبھالنا چاہیے۔ عدالت ہمیشہ ان کی مدد کے لیے تیار ہے، اور ان کے شناختی کارڈز و پنشن کارڈز کے اجراء کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر انیتا ریڈی اور کْشما دیش پانڈے نے اپنے خطاب میں کہا کہ "معذوروں کی خدمت دراصل انسانیت کی خدمت ہے۔” انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بچوں کو طنز یا تشدد کا نشانہ بنانا قابلِ سزا جرم ہے۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع کی تمام معذور تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر آئیں تاکہ ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔ بچوں کو صبر و تحمل کے ساتھ تعلیم و تربیت دینا اور ان کی ذہنی نشوونما میں مدد کرنا قابلِ تحسین عمل ہے۔پروگرام میں ڈاکٹر پٹھا بھی راماراؤ، جج کْشما دیش پانڈے، ڈاکٹر انیتا ریڈی، ڈی ڈبلیو او جینتی، سول جج صاحبان، تنظیم کے منتظمین چندرجیت ریڈی، کرن کمار، نیتا، ای وی سرینواس، رامو، روی کرن اور والدین نے شرکت کی۔