جو شخص اللہ کی رضا وخوشنودی کے لئے مسجد بناتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے لئے اپنی شان کے مطابق جنت میں محل عطا فرماتا ہے
آرے پلی ورنگل میں مسجد الاقصی (تعمیر جدید)کا عظیم الشان افتتاح کے موقع پر حضرت مولانا الحاج خواجہ جعفر العابدین رضوی کا خطا ب

حیدرآباد/ورنگل:- 21/جولائی
(دستور نیوزڈاٹ کام)
حضرت مولانا الحاج خواجہ جعفر العابدین رضوی بانی وناظم جامعہ محمدیہ خیر العلوم ورنگل وامام وخطیب مسجد کوثر ورنگل نے آرے پلی ورنگل میں مسجد الاقصی (تعمیر جدید) کا بحیثیت مہمان خصوصی افتتاح انجام دیا۔ بعد ازاں مسجدمیں منعقدہ اجلا س میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کو ہر وقت آباد رکھنا ضروری ہے یہ محلہ کے ہر مسلمان فرد کی ذمہ داری ہے ورنہ یہ محلہ ویران ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ مسجد اللہ تعالیٰ کا گھر ہے اس کی صاف صفائی کا خیال رکھتے ہوئے اس کو آباد رکھنے کی ضرورت انتظامیہ کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ مسجد کی خدمت کرنا بہت بڑی نعمت ہے۔انہوں نے کہا کہ دین واسلام کی ترقی میں جو چیز سب سے زیادہ کام کرتی ہے وہ ایصال ثواب ہے۔

حضرت مولانا الحاج خواجہ جعفر العابدین رضوی نے کہا کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص اللہ کی رضا وخوشنودی کے لئے مسجد بناتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے لئے اپنی شان کے مطابق جنت میں محل عطا فرماتا ہے۔مسجد کا تعمیر ہونا ثواب حاصل کرنے کے لئے ہے۔ مسجد کو باہر سے دیکھ کر خوش ہونا نہیں ہے بلکہ مسجد کی آبادی اور اس کی قیمت اس کے سجدوں سے ہے۔مسجد کا حسن سجدے کرنے والوں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ مسجد میں پنچوقتہ نماز پابندی سے ادا کرنے کی تاکید کرتے ہوئے مساجد کو آباد کرنے کی تلقین دی مساجد روئے زمین پر اللہ کے گھر ہیں اور مسلم معاشرہ کے لئے وہی حیثیت ہے جیسے جسم میں دل کی ہوتی ہے لہٰذا مسلمانوں کو مساجد تعمیر کرنے اور اس کو عبادت، دینی تعلیم کے مکاتب سے آباد رکھنے کیلئے اپنی جان ومال لگاتے رہنا چاہئے۔

اس پروگرام کا آغاز قرات کلام پاک اور نعت شریف سے ہوا۔ اس موقع پر انتظامی کمیٹی مسجد الاقصی نے تعمیری کمیٹی کے ذمہ داران مرزا مظہر احمد، مرزا اعجاز احمد، مرزا رضوان احمد، مرزا فرحان احمد کی گلپوشی وشالپوشی کی اور مہمان خصوصی مولانا خواجہ جعفر العابدین رضوی کو شایہ پہناکر گلپوشی وشالپوشی کی۔
اس موقع پر خطیب مسجد الاقصی حافظ محمد شاہد رضا کو خصوصی گلپوشی کی۔ اس موقع پر محمد سراج احمدسکریٹری مسلم ویلفیر سوسائٹی، محمد عماد الدین زبیر انجینئر، محمد عبدالکلیم، مرزا چشتی حسن، محمد غوث محی الدین، محمد نیئر، خواجہ معین الدین اختر، مسجد الاقصیٰ کے صدر عبد القدیر، نائب صدر محمد عزیز، معتمد محمد افسر، ممبرس بھولے شاہ ولی، مولانا صاحب، معشوق، سیاسی قائد شیخ عثمان، شیخ آدم علی، محمد شریف، محمد یعقوب پاشاہ، محمد غوث ودیگر موجود تھے۔ نظامت کے فرائض حاجی نورانی نے انجام دی۔