تحریک قلم ورنگل کے زیر اہتمام طرحی و غیر طرحی کامیاب مشاعرہ

حیدرآباد/ہنمکنڈہ:-24/جون
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
اسلامک انفارمیشن سنٹر ‘ رائے پورہ ‘ ہنمکنڈہ بروز ہفتہ بوقت بعد نماز مغرب طرحی و غیر طرحی کامیاب مشاعر ہ منعقد ہوا۔ تحریک قلم ورنگل کے زیر اہتمام ہونے والے اس مشاعرہ کی صدارت جناب الحاج محمد عبدالکلیم صاحب ‘ صدر مسلم ویلفیر سوسائٹی ‘ ورنگل نے کی۔ جناب وہاج الحق صاحب ‘ امیر مقامی ‘ ہنمکنڈہ ‘ جماعت اسلامی ہند ‘ ڈاکٹر رحیم رامش ‘ ڈاکٹر نعیم سلیم ‘ جناب مجتہدالدین ‘ جناب نصراللہ خان نے بطور مہمانان خصوصی شرکت فرمائی۔
مشاعرہ کا آغاز جناب وہاج الحق صاحب کی تلاوت قرآن اور ترجمہ سے ہوا۔ حمد بارئ تعالٰی جناب محمد مجتہدالدین ‘ جنگاوں نے پیش کی اور جناب سید نذیر احمد پرواز نے نعت رسول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں مشاعرہ کے طرحی دور کا آغاز ہوا۔

مہمان شعراء میں ڈاکٹر رحیم رامش ( کاغذ نگر ) ‘ ڈاکٹر نعیم سلیم( حیدرآباد ) ‘ جناب امجدسلیم امجد ( کریم نگر ) ‘ جناب مہیمن الدین راحل( کریم نگر ) نے اپنا طرحی کلام سنا کر خوب دادو تحسین بٹوری۔ میزبان شعراء میں جناب مسعود مرزا محشر،جناب اقبال درؔد، جناب ناصر واحدی، جناب وحید گلشن ، جناب اندور عبدالقادر ‘ جناب خواجہ کیفی نے اپنی طرحی غزلوں سے سامعین کو محظوظ کیا۔
دوران مشاعرہ جناب حمید عکسی کی مرسلہ طرحی غزل پڑھ کر سنائی گئی۔ مشاعرہ کے غیر طرحی دور میں جناب سید امیر الدین امیر ‘ ڈاکٹر شجیع اکبر ‘ نے اپنا کلام پیش کیا۔جناب الحاج محمد عبدالکلیم صاحب نے اپنے صدارتی خطاب سے نوازا۔ اہل ذوق محبان اردو نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور جناب ناصر واحدی جو مشاعرہ کی نظامت کر رہے تھے کے ہدیہ تشکر ادا کر نے کے ساتھ ہی مشاعرہ کا کامیابی کے ساتھ اختتام عمل میں آیا۔