Warangal District Administration on High Alert as Heavy to Extremely Heavy Rainfall Forecast; Collector Reviews Preparedness
شدید سے انتہائی شدید بارشوں کی پیش گوئی، ورنگل ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ، کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا کا جائزہ اجلاس

ورنگل، 30 /جولائی:
(دستور نیوز )
ریاست تلنگانہ میں آئندہ چند دنوں کے دوران شدید سے انتہائی شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر حکومت نے تمام اضلاع کو مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ریاست کے چیف سکریٹری سنجے جاجو نے ڈی جی پی سی وی آنند کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تمام ضلع کلکٹروں اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
ورنگل ضلع کلکٹریٹ سے ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف سکریٹری نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سیلابی صورتحال، ندی نالوں، دریاؤں اور نشیبی علاقوں پر مسلسل نگرانی رکھنے، 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کرنے اور تمام متعلقہ افسران کو ضلعی ہیڈکوارٹر میں دستیاب رہنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو پیشگی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، مقامی کشتیوں، جے سی بی مشینوں اور امدادی ٹیموں کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔ خطرناک پلوں، کلورٹس، آبشاروں اور سیاحتی مقامات پر خصوصی نگرانی رکھنے اور ماہی گیروں، کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو تیز بہاؤ والے علاقوں میں جانے سے روکنے پر بھی زور دیا گیا۔
ڈی جی پی سی وی آنند نے بتایا کہ ریاست بھر میں پولیس کو پہلے ہی الرٹ جاری کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 ایس ڈی آر ایف اور 5 این ڈی آر ایف ٹیمیں ہنگامی خدمات کے لیے تیار ہیں جبکہ حیدرآباد، نرمل، ملوگو اور بھدراچلم میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات ہیں۔ انہوں نے خطرناک سڑکوں، پلوں، کلورٹس، پکنک مقامات اور سیاحتی علاقوں پر کڑی نگرانی رکھنے، مواصلاتی نظام کو فعال رکھنے اور پرانی خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کرکے ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
ویڈیو کانفرنس کے بعد ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ خصوصی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ پانچ دنوں تک شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، لہٰذا تمام محکمے مکمل مستعدی کے ساتھ عوام کی خدمت کے لیے تیار رہیں۔
ضلع کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ بارش کے دوران درختوں، خستہ حال عمارتوں اور دیواروں کے قریب نہ جائیں، بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور صرف محفوظ عمارتوں میں پناہ لیں۔ کسانوں کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے کھیتوں میں کام کریں اور گرج چمک کے دوران کھلے میدان یا درختوں کے نیچے ہرگز نہ ٹھہریں۔
انہوں نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال میں عوام کلکٹریٹ کے 24 گھنٹے فعال ٹول فری کنٹرول روم نمبر 18004253424 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) جی سندھیارانی، ڈی آر او وجئے لکشمی، میونسپل ڈپٹی کمشنر پرسنّا رانی، زیڈ پی سی ای او رام ریڈی اور مختلف محکموں کے افسران شریک تھے۔
دستور نیوز