Hold Panchayat elections peacefully with proper arrangements. Warangal Police Commissioner Sanpreet Singh
پکّے انتظامات کے ساتھ پنچایتی انتخابات پُرامن طور پر منعقد کریں ۔ ورنگل پولیس کمشنر سنپریت سنگھ
حیدرآباد/ورنگل
(دستور نیوز ڈاٹ کام)
ورنگل پولیس کمشنر سنپریت سنگھ نے جلد منعقد ہونے والے گرام پنچایتی انتخابات کو پُرامن ماحول میں منعقد کرنے کے لیے پختہ اور جامع انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ ماہانہ کرائم ریویو اجلاس کے موقع پر جمعرات کے روز پولیس کمشنریٹ آفس میں ان کی زیرِ صدارت کرائم ریویو میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ورنگل پولیس کمشنریٹ کے تمام پولیس عہدیداران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران کمشنر نے تین مرحلوں میں ہونے والے آئندہ پنچایتی انتخابات کے سلسلے میں پیشگی کارروائیوں، پولنگ اسٹیشن وار تفصیلات، حساس اور نہایت حساس پولنگ مراکز اور مسائل کے حامل گرام پنچایتوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے ہر پولیس اسٹیشن کی حدود میں آنے والے گاؤں اور پولنگ مراکز کی مکمل رپورٹ حاصل کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے کہا کہ انتخابات پُرامن طور پر منعقد کرانے کے لیے ہر پولیس افسر کو منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ نامزدگی کے آغاز سے لے کر نتائج کے اعلان تک افسران کو پوری طرح چوکس رہنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال یا قانون و امن میں رخنہ نہ پڑنے پائے۔

انہوں نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر بندوبست کو یقینی بنایا جائے،انتخابات کے دوران جرم میں ملوث سابق اور ممکنہ مجرمین کے خلاف کارروائی کی جائے،راؤڈی شیٹرس اور مشتبہ افراد کو بائنڈ اوور کیا جائے، پولیس افسران انتخابی گاؤں میں مستقل دورے کرتے ہوئے مقامی عوام سے رابطہ برقرار رکھیں،اسلحہ لائسنس رکھنے والے افراد کو اپنی بندوقیں متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کی جائے۔
کمشنر نے یہ بھی کہا کہ چونکہ ریاست بھر میں انتخابات منعقد ہو رہے ہیں، اس لیے دیگر اضلاع سے باضابطہ نفری ملنا ممکن نہیں ہوسکتا، لہٰذا موجودہ پولیس فورس کا بہتر انتظامی استعمال کرتے ہوئے الیکشن ڈیوٹی انجام دی جائے۔
بعد ازاں زیرِ التواء مقدمات، ملزمان کی گرفتاری، اور جرائم کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس اجلاس میں ڈی سی پیز انکت کمار، راجامہندر نائیک، کویتا، اے ایس پیز شبھم، چیتنیا، اضافی ڈی سی پیز روی، پربھاکر، بالا سوامی، سریش کمار، سرینواس کے علاوہ اے سیز، انسپکٹرز، آر آئیز اور ایس آئیز نے شرکت کی۔
