cm revanth reddy on police upgrade

Police System Must Modernize to Tackle Changing Crimes: CM Revanth Reddy

جرائم و حادثات حیدرآباد
Police System Must Modernize to Tackle Changing Crimes: CM Revanth Reddy
بدلتے جرائم سے نمٹنے کے لیے پولیس نظام میں جدید اصلاحات ضروری: وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی

حیدرآباد:
(دستور نیوز ڈا ٹ کام)

ریاستی وزیر اعلی اے ریونت ریڈی نے واضح کیا ہے کہ ملک میں جرائم اور ان کی نوعیت میں مسلسل تبدیلی کے پیش نظر نئے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے پولیس نظام میں جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف جدید ٹیکنالوجی اپنانا کافی نہیں بلکہ تمام متعلقہ نظاموں کو مضبوط بنانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ایم سی آر ایچ آر ڈی میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سینئر پولیس افسران کو ریاست میں امن و امان، جدید پولیسنگ، سائبر جرائم، نگرانی کے نظام اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق حکمت عملی تیار کرنے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے آئندہ دس برسوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کرنے پر زور دیا۔

cm revbanth reddy on police upgrade

اجلاس میں ریاستی چیف سکریٹری راما کرشنا راو، ریاستی سکیورٹی مشیر بی ۔ شوا دھر ریڈی ریاستی ڈی جی پی سی وی آنند، اضافی ڈی جی، پولیس کمشنرز، آئی جیز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ نے بڑھتے ہوئے سائبر جرائم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ سائبر کرائم کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات پر مبنی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کنٹرول کے لیے خصوصی توجہ دی جائے اور پولیس محکمہ میں اس شعبے کے لیے الگ سلیکشن عمل شروع کیا جائے۔ ساتھ ہی Young India Skills University میں پولیسنگ سے متعلق خصوصی کورس شروع کرنے کی بھی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نظام کو مسلسل نگرانی کے مؤثر نظام میں تبدیل کیا جائے، ڈرون پولیسنگ کو فروغ دیا جائے، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے، سی سی ٹی وی کیمرے بڑھائے جائیں، نائٹ پٹرولنگ کو مضبوط کیا جائے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بدلتے حالات کے مطابق فارنسک اور ڈیٹا سینٹرز میں اضافہ کیا جائے، محکمہ میں ترقی کے بعد افسران کو مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے کا موقع دیا جائے تاکہ بہتر تجربہ حاصل ہوسکے۔ انہوں نے منشیات کے متاثرین کے لیے خصوصی ڈی ایڈکشن مراکز قائم کرنے، محکموں کے درمیان بہتر تال میل بڑھانے اور نگرانی کے نظام کو مزید جدید بنانے پر زور دیا۔

cm revath reddy on police upgrade

انہوں نے فوڈ ایڈلٹری یعنی غذائی ملاوٹ کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملاوٹی خوراک کے سبب کینسر جیسے امراض میں تشویشناک اضافہ ہورہا ہے، اس لیے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور خصوصی قانون لانے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن و امان کا تحفظ ایک مقدس ذمہ داری ہے اور پولیس محکمہ میں جوابدہی، شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت، اختیارات کے ناجائز استعمال یا محکمانہ بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کرائم ریویو اجلاسوں، مسلسل نگرانی، گنجائی کی اسمگلنگ کی روک تھام، ولیج پولیسنگ کو مضبوط بنانے اور فرسودہ ہتھیاروں کو ختم کرنے کی ہدایت بھی دی۔

وزیر اعلیٰ نے پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات، محکمہ میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے استعمال، میرٹ کی بنیاد پر پوسٹنگ، افسران کے درمیان ہم آہنگی، ٹریفک اور روڈ سیفٹی کو مربوط نظام کے تحت لانے اور وی آئی پیز و مشہور شخصیات کے پروگراموں کی اجازت میں احتیاط برتنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دستور نیوز ڈاٹ کام