تمڈی ہٹی بیراج پر یکم ستمبر کو دہلی میں اہم اجلاس، 152 میٹر بلندی پر اتفاق کی کوشش`
حیدرآباد، 27 اگست:
(دستور نیوز)
وزیراعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی کی مسلسل کوششوں کے پیشِ نظر دریائے پرانہیتا پر تلنگانہ حکومت کی جانب سے مجوزہ تُمّڈی ہٹی بیراج کی تعمیر سے متعلق تکنیکی اور بین ریاستی امور پر یکم ستمبر کو نئی دہلی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا۔
مرکزی آبی کمیشن (CWC) کے چیئرمین کی صدارت میں سیوا بھون میں ہونے والے اس اجلاس میں تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے محکمہ آبی وسائل کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔
تُمّڈی ہٹی پروجیکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے 26 مئی کو مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے دونوں ریاستوں کے درمیان اجلاس منعقد کرنے اور باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس معاملے کو وزیراعظم کی توجہ میں بھی لایا گیا، جس کے بعد وزیراعظم کے دفتر نے اسے وزارتِ جل شکتی سے رجوع کیا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ نے 5 اگست کو مرکزی وزیر جل شکتی سی۔ آر۔ پاٹل کو بھی خصوصی مکتوب روانہ کرتے ہوئے مرکز سے مداخلت کی درخواست کی۔
تلنگانہ حکومت کی کوشش ہے کہ مہاراشٹرا کی جانب سے ماضی میں منظور کردہ 148 میٹر کی بجائے 152 میٹر بلندی پر بیراج کی تعمیر کے لیے اتفاقِ رائے حاصل کیا جائے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ 148 میٹر کی سطح پر مطلوبہ پانی کو کششِ ثقل کے ذریعے حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا، جبکہ بڑے پمپوں کے استعمال سے بجلی کے اخراجات میں اضافہ ہوگا۔
ریاستی حکومت کے مطابق پروجیکٹ کو کم برقی اخراجات کے ساتھ طویل مدتی طور پر تلنگانہ کے مفاد میں تعمیر کرنا ضروری ہے۔ حکومت نے مرکز کو CWPRS کے مطالعات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پانی کی سطح میں اضافہ کرنے سے اضافی زیرِ آب آنے والا علاقہ محدود حد تک ہی بڑھے گا۔
تلنگانہ حکومت کا مقصد پسماندہ اور خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کو آبپاشی کی سہولت فراہم کرنے والے اس اہم پروجیکٹ کو جلد عملی شکل دینا ہے۔ اسی مقصد کے تحت مرکز اور مہاراشٹرا حکومت کے ساتھ مسلسل مشاورت اور مذاکرات جاری ہیں۔