All Departments Must Work in Coordination for Grand Khazipet Dargah Urs Celebrations:
MLA Nayini Rajender Reddy
قاضی پیٹ درگاہ عرس تقریبات کے شاندار انعقاد کے لیے تمام محکمے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں: ایم ایل اے نائنی راجندر ریڈی
ہنمکنڈہ، 20 /جولائی:
(دستور نیوز)
ورنگل مغربی حلقہ کے رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ 6 تا 12 اگست منعقد ہونے والے قاضی پیٹ حضرت سید شاہ قادری چشتیؒ درگاہ کے سالانہ عرس مبارک کو نہایت شان و شوکت کے ساتھ اور عقیدت مندوں کو تمام سہولیات فراہم کرتے ہوئے کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے باہمی تال میل اور پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
پیر کے روز ہنمکنڈہ کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں قاضی پیٹ درگاہ عرس کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع سطح کا رابطہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایم ایل اے نائنی راجندر ریڈی نے کی۔ اجلاس میں درگاہ سجادہ نشین و ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین خسرو پاشا، ضلع کلکٹر چاہت باجپائی، گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے کمشنر وینکنا، مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران اور مسلم عمائدین نے شرکت کی۔

اجلاس میں اقلیتی بہبود، صحت، بلدیہ، بجلی، پولیس، ریونیو، فائر سروس، آر ٹی سی، پینے کے پانی اور دیگر محکموں کے افسران نے عرس انتظامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر ایم ایل اے نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ ہر سال تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور پڑوسی ریاستوں سے ہزاروں عقیدت مند درگاہ کا رخ کرتے ہیں، لہٰذا تمام محکمے پوری مستعدی کے ساتھ انتظامات مکمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ہر محکمہ کو تفویض کردہ ذمہ داریاں وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے درگاہ کے قریب ریلوے ٹریک ہونے کے سبب زائرین کی سلامتی کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا اور ریلوے حکام و اسٹیشن ماسٹروں کو خصوصی احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت دی۔ ضرورت پڑنے پر اضافی سیکورٹی عملہ تعینات کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا۔
ایم ایل اے نے آر ٹی سی حکام کو خصوصی بسوں کے انتظامات کرنے، پولیس کو ٹریفک کی بہتر منصوبہ بندی، پارکنگ اور متبادل راستوں کی تیاری کی ہدایت دی۔ بجلی کی بلا تعطل فراہمی، متبادل برقی انتظامات، پینے کے پانی کے ٹینکرس، صفائی ستھرائی، عارضی بیت الخلاء، فوگنگ اور بلیچنگ جیسے اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔

زائرین کے لیے طبی سہولیات کی فراہمی، خصوصی میڈیکل کیمپوں، ایمبولینسوں اور طبی عملے کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ خواتین، بچوں اور معمر افراد کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ عرس کے دوران بڑے ہجوم کے پیش نظر درگاہ کے اطراف کے سرکاری اسکولوں میں 10 اور 11 اگست کو مقامی تعطیلات کا اعلان کیا جائے گا۔
ضلع کلکٹر چاہت باجپائی نے کہا کہ عرس کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تیاریاں پیشگی مکمل کی جائیں گی اور مختلف محکموں کے درمیان بہتر رابطہ قائم رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عرس کے دوران تقریباً دو لاکھ عقیدت مندوں کی آمد متوقع ہے، اس لیے تمام انتظامات کو مؤثر اور جامع بنایا جائے گا۔
ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین اور درگاہ کے سجادہ نشین خسرو پاشا نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر این۔ روی، ڈی آر او سرینواس، اسپیشل ڈپٹی کلکٹر روہت نیتا، ضلع اقلیتی بہبود افسر مین سرینو، ضلع طبی و صحت افسر ڈاکٹر اپّیا، سابق کارپوریٹر ایڈوکیٹ ابوبکر، بلدیہ، ریونیو، پولیس، ریلوے، آر اینڈ بی، آر ٹی سی، فائر سروس اور دیگر محکموں کے افسران و مسلم عمائدین شریک تھے۔
dastoor news